ظالم وجابرنظام کیخلاف عوام کوبھی جدوجہد کرنا چاہیے، محمدحسین محنتی

سیاسی جماعتیں ذاتی،گروہی مفادکے بجائے قومی مفادکوترجیح دیںملک میں اسلامی نظام کے لیے عوام بہترین لوگ اور بہترین جماعت کوآگے لائیں اورقومی معاملات کوذاتی معاملات پرترجیح دیں،امیر جماعت اسلامی سندھ

جمعہ 19 اپریل 2019 00:15

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2019ء) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمدحسین محنتی نے کہاہے کہ ظالم وجابرنظام کے خلاف عوام کوبھی جدوجہد کرنا چاہیے۔سیاسی جماعتیں ذاتی،گروہی مفادکے بجائے قومی مفادکوترجیح دیں۔ ملک میں اسلامی نظام کے لیے عوام بہترین لوگ اور بہترین جماعت کوآگے لائیں اورقومی معاملات کوذاتی معاملات پرترجیح دیں۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے اپنے دورہ حیدرآبادکے موقع پر ڈسٹرکٹ بار ،پریس کلب کے عہدیداروں ،معززین کے استقبالیے اورعوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا، امیرجماعت اسلامی سندھ کادورہ ٴ حیدرآباد رجوع الی اللہ رابطہ عوام مہم کے سلسلے میں تھا، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنماعبدالوحیدقریشی ،عبدالقدوس احمدانی،سیکریٹری اطلاعات سندھ مجاہدچنہ،امیرجماعت اسلامی ضلع حیدرآبادحافظ طاہرمجیدوادریگر موجودتھے، عثمان شاہ پہنچنے پر جھنڈوکھوسویوسی تماچانی کے چیئرمین شہبازخان کھوسوودیگرنے محمدحسین محنتی ودیگر رہنمائوںکا پرتپاک استقبال کیا،انھوں نے ٹنڈوجام میںمعززین سے ملاقاتیں کیں، حیدرآبادڈسٹرکٹ کورٹ بار پہنچنے پر بارکے صدر امدادعلی انٹر ،جنرل سیکریٹر عرفان بگھیواور وکلاء نے جماعت اسلامی کے رہنمائوں کاپرجوش خیرمقدم کیا۔

(جاری ہے)

استقبالیہ تقریب ،اجتماع ،ڈسٹرکٹ بارکونسل اورپریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے محمدحسین محنتی نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک نظریاتی جماعت ہے جومعاشرے سے ظالم وجابر نظام کی جگہ اسلامی نظام نافذکرنے کی جدوجہدکررہی ہے ہمیں جب ،جہاں اورجس قدر اختیارملاہم نے کراچی میں،خیبرپختونخوا میںاوریونی کونسلوں میں مثالی کام کرکے دکھایا ،کراچی میں میئر عبدالستارافغانی مرحوم،سٹی ناظم نعمت اللہ خان اور کے پی کے میں سراج الحق ،عنایت اللہ خان جیسے لوگوں نے امانت کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھائی۔

ہم چاروں صوبے اورپورے ملک میں ایساکام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،عوام جماعت اسلامی کواہل اوردیانت دار سمجھتے ہیں ،سابقہ کارکردگی کوسراہتے بھی ہیں انہیںچاہیے کہ نظام مملکت کوبدلنے کے لیے جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔بار اورپریس کلب کو امیرصوبہ نے قرآن پاک کاسندھی ترجمہ اور اسلامی لٹریچرکاتحفہ دیا۔بعدازاں امیرصوبہ کی قیادت میں اسٹیشن روڈ،کوہ نورچوک ،پکاقلعہ ،شاہی بازار اور مارکیٹ میں دکان دکان شہریوں کوجماعت اسلامی کاپیغام پہنچایااورچھوٹے چھوٹے استقبالیوں سے خطاب بھی کیا، تاجروں اوردکانداروں کی جانب سے رہنمائوں کوہارپہنائے گئے اورپھول نچھاورکیے گئے۔