مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردی کے واقعہ پر دلی صدمہ ہے‘ ڈی آئی جی موٹروے

جمعہ 19 اپریل 2019 00:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) ڈی آئی جی موٹروے پولیس بلوچستان عبدالحئی نے کہا ہے کہ مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردی کے واقعہ پر دلی صدمہ ہے، جائے وقوعہ موٹروے پولیس کی حدود میں نہیں، مقامی پولیس اور لیویز کے زیر کنٹرول ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے جمعرات کو ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اور فورسز ایک پیج پر ہیں، مکران کوسٹل ہائی وے پر دہشت گردوں کی کارروائی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے مکمل ہمدردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ بوزی کے مقام پر پیش آیا جو موٹروے پولیس کی زیر کنٹرول علاقہ سے 200 کلومیٹر دور ہے، اس علاقہ میں ابھی تک موٹروے پولیس تعینات نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے شہید ہونے والے افراد کے جسدان خاکی کوسٹل ہائی وے پر مکمل حفاظت کے ساتھ متعلقہ علاقوں میں پہنچائے جائیں گے، موٹروے پولیس شہداء کی میتیں لے جانے والی ایمبولینسوں، گاڑیوں کو بھرپور حفاظتی سکواڈ کے ساتھ روانہ کرے گی۔