Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے بعض ارکان کے محکموں میں ردوبدل کر دیا

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ مشیر برائے خزانہ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈویژن مقرر ، ڈاکٹر اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپ دیاگیا، وزیراعظم آفس

جمعرات 18 اپریل 2019 22:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کے بعض ارکان کے محکموں میں ردوبدل کر دیا ہے۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈویژن مقرر کیا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان کو وفاقی وزیر برائے ہوا بازی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ریاستوں و سرحدی علاقہ جات کا قلمدان تفویض کیا گیا ہے جبکہ محمد میاں سومرو جن کے پاس ہوا بازی ڈویژن کا اضافی قلمدان بھی تھا وہ وفاقی وزیر نجکاری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

(جاری ہے)

اعظم سواتی کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ جبکہ ڈاکٹر ظفر الله مرزا کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز و کوآرڈینیشن، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور ندیم بابر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات