سکھ یاتریوں کی گوردوارہ ڈیرہ صاحب کرتاپور روانگی

بھارتی یاتری21اپریل کو وطن واپس روانہ ہوجائیں گے‘خواتین کل انارکلی میں شاپنگ کریں گی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 19 اپریل 2019 11:42

سکھ یاتریوں کی گوردوارہ ڈیرہ صاحب کرتاپور روانگی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 19 اپریل۔2019ء) بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے پاکستان آئے سکھ یاتری گودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں بیساکھی کی مرکزی تقریب میں شرکت اور ننکانہ صاحب میں جنم استھان میں ماتھا ٹیکنے کے بعد کل رات گئے ڈیرہ صاحب لاہور گروارجن دیوپہنچے. آج سکھ یاتری سکھوں کے دوسرے بڑے مقدس مقام گوردوارہ ڈیرہ صاحب کرتاپور ناروال روانہ ہوگئے ہیں .

سکھ یاتری راستے میں گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد جی ٹی روڈ پر بھی رکیں گے اور ماتھا ٹیکیں گے جبکہ زیادہ تر بسوں کو لاہور سے براہ راست کرتار پور صاحب روانہ کیا جارہا ہے.

(جاری ہے)

آج بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے آئے سکھ یاتریوں نے گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور میں میں ماتھا ٹیکی کی رسم ادا کی اورگروگرنتھ صاحب کا اکھنڈ پاٹ کیا اور شبد کیرتن سمیت دیگر مذہبی رسومات ادا کیں.

اس موقع پر امریکاکی گرودوارہ کمیٹی کی جتھہ دار مسز سیلوین کو چادر پہنائی گئی، سکھ یاتریوں نے اجتماعی دعا میں بھی شرکت کی، وہ پاکستان میں مذہبی رسومات کی ادائیگی پر بہت خوش دکھائی دیئے. سکھ یاتری کل لاہور میں سیروتفریح کریں گے جبکہ خواتین لاہور کے قدیم اور معروف بازار انارکلی میں شاپنگ کے لیے جائیں گی. خواتین سکھ یاتریوں کا کہنا ہے کہ انارکلی میں شاپنگ بھی اب یاترا کا ایک حصہ بن گئی ہے کیونکہ سکھ خاندانوں کا انارکلی بازار سے بڑا پرانا رشتہ ہے اور اسی رشتہ کے پیش نظر پاکستان آنے والی خواتین سکھ یاتریوں سے ان کے خاندانوں کی بزرگ خواتین کچھ نہ کچھ خرید کر لانے کی فرمائش کرتی ہیں.

50سالہ سرجیت کور کے مطابق وہ پہلی مرتبہ پاکستان آئی ہیں مگر ان کی دادی انہیں ہمیشہ انارکلی بازار کے بارے میں بتایا کرتی تھیں ان کی خواہش تھی کہ وہ مرنے سے پہلے ایک بار لاہور آکر اندورن لوہاری گیٹ میں اپنا آبائی گھر دیکھیں اور انارکلی بازار میں شاپنگ کریں‘انہوں نے بتایا کہ زندگی کے آخری ایام میں انہوں نے مجھ سے یہ وعدہ لیا تھا کہ ان کی جگہ میں ضرور ان مقامات پر جاﺅں.

انہوں نے کہا کہ وقت کی کمی کے باعث شاید میں لوہاری گیٹ گھر دیکھنے تو نہ جاسکوں مگر انارکلی ہم ضرور جائیں گے اس کے ساتھ ہی چاہے باہر سے ہی کیوں نہ ہوا لوہاری گیٹ کو اپنی دادی کو سلام کہونگی. 12 اپریل کو بھارت سے بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے آنے والے سکھ یاتری 21 اپریل کو واپس لوٹ جائیں گے جبکہ دیگر ممالک سے آنے والے سکھ یاتری اپنے اپنے شیڈول کے مطابق واپس روانہ ہونگے. واضح رہے کہ بیساکھی میلے میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری ہرسال پاکستان آتے ہیں. اسی طرح سکھ مذہب کے بانی باباگرونانک دیوجی کے جنم دن کی تقریبات منانے کے لیے لاکھوں سکھ یاتری بکرمی کیلنڈر کے مطابق اسواج کے مہنیے میں گردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں اکھٹے ہوتے ہیں.