ٹیچرز نااہل قرار، انٹرمیڈیٹ امتحان ڈیوٹی اور مارکنگ سے فارغ

جمعہ 19 اپریل 2019 12:44

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) چیئر پرسن ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ ڈاکٹر شائستہ ارشاد خان نے 17 ٹیچرزکو انٹرمیڈیٹ امتحان 2019ء کی ڈیوٹی سے فارغ کر کے واپس ان کے سکولوں میں بھیج دیا ہے۔ان میں مارکنگ کرنے والے ٹیچر کو بھی فارغ کر دیا گیا ہے ۔ ان تمام اساتذہ کو ہمیشہ کیلئے بورڈ کی ہر قسم کی ڈیوٹی کیلئے نااہل قرار دیکر باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

ایبٹ آباد بورڈ کے ترجمان کے مطابق ٹیچرز کو بورڈ کی طرف سے ان احکامات جس میں واضح کہا گیا ہے اگر کسی بھی ڈیوٹی سٹاف یا مارکنگ سٹاف کا بیٹا، بیٹی یا بہن بھائی اگر ایبٹ آباد بورڈ کی طرف سے ہونے والے انٹرمیڈیٹ کا امتحان دے رہے ہیں تو وہ ڈیوٹی کیلئے اہل نہیں، اگر ان کی ڈیوٹی بذریعہ قرعہ اندازی یا بورڈکی طرف سے لگ بھی گئی تو وہ اپنی ڈیوٹی منسوخ کروائیں لیکن ان اساتذہ نے سب کچھ جاننے کے باوجود اپنی ڈیوٹی جاری رکھی جس پر بورڈ نے تحقیقات کر کے ان اساتذہ کو ثبوت سمیت سنٹر سے واپس بھیج دیا۔

(جاری ہے)

نااہل ہونے والے اساتذہ میں ہائی سکول نیلی شنگ بٹگرام کے ہیڈ ماسٹر محمد جاوید، ہائیر سیکنڈری سکول پائمال شریف بٹگرام کے ایس ایس محمد مسکین، ہائیر سیکنڈری سکول جبوڑی مانسہرہ کے ایس ایس ذوالفقار احمد، ہائیر سیکنڈری سکول گڑھی حبیب الله کے ایس ایس بشارت اقبال، ہائیر سیکنڈری سکول نمبر 1 ایبٹ آباد کے ایس ایس محمد سبحان، ہائیر سیکنڈری سکول بریلہ ہری پور کے ڈی پی ای شہزادہ خان، ہائی سکول چمیالی کے ایس ایس ٹی امتیاز احمد، گورنمنٹ مڈل سکول کڑمنگ بالا مانسہرہ کے ایس ایس ٹی امیرالرحمن، گورنمنٹ ہائی سکول پھگلہ مانسہرہ کے ایس سی ٹی ابرار حسین، ہائی سکول کھواڑی مانسہرہ کے ایس سی ٹی پیر محمد، ہائی سکول پاوا کے ایس پی ای ٹی شہزاد، ہائی سکول کھیت سراش کے سی ٹی عمر زیب، ہائی سکول تاجوال کے سی ٹی محمد دائود، ہائی سکول نمبر2 گڑھی حبیب الله کے سی ٹی شاہد اقبال، ہائی سکول میتھل جبوڑی مانسہرہ کے پی ای ٹی تاج محمد اور پرائمری سکول شاطے نمبر 1 مانسہرہ کے ایس پی ایس ٹی اویس یوسف اور ہائیر سیکنڈری سکول کاغان کے ایس ایس ٹی اختر نواز جن کی دو بیٹیاں امتحان دے رہی تھیں، شامل ہیں۔

ہائیر سیکنڈری سکول بگنوتر ایبٹ آباد کے ایس سی ٹی محمد سفیر کو مارکنگ سے اٹھا کر آئندہ بورڈ کی ہر قسم کی ڈیوٹی کیلئے نااہل قرار دیدیا گیا ہے۔ ایبٹ آباد بورڈ کے ترجمان کے مطابق کسی کو بھی بورڈ قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اپنی رٹ ہر جگہ قائم کریں گے، جو لوگ بھی امتحانات کی شفافیت کو چیلنج کریں گے ان کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :