آسٹریلیا نے پاکستان کو ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کیلئے پر راضی کرلیا

ٹیم کوکوئی رقم نہیں دی جا رہی،کینگروزکو2022میں پاکستان آنے پرآمادہ کرنےکی کوشش کریں گے:وسیم خان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اپریل 2019 12:17

آسٹریلیا نے پاکستان کو ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کیلئے پر راضی کرلیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19اپریل2019ء) آسٹریلیا نے پاکستان کو ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پرراضی کرلیا ،ٹورکے دوران اضافی تیسرا پانچ روزہ میچ کھیلنے کی تجویز پر اتفاق نہیں ہوسکا۔پاکستان نے رواں برس کے آخر میں شیڈول دورئہ آسٹریلیا کے دوران ایڈیلیڈ میں پنک گیند سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ اس حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری اور اس سلسلے میں تاخیر کی وجہ پاکستان کا ٹور نہ کرنے کے آسٹریلوی فیصلے سے متعلق پی سی بی کی ناراضی کو قرار دیا جا رہا تھا، یہ بھی رپورٹس تھیں کہ پی سی بی کینگروز سے اگلے ٹور میں پاکستان میں کھیلنے کی یقین دہانی چاہتا ہے جو2022 ءمیں شیڈول ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے ایک آسٹریلوی اخبار سے بات چیت میں کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ آنےوالے عرصے میں ہمیں مختلف ٹیموں سے بہت زیادہ باہمی کرکٹ کھیلنی ہے، ہمیں بدستور یہ ثبوت دینے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے ملک میں مقابلوں کے دوران بہترین سکیورٹی فراہم کرسکتے ہیں، سب چیزیں بہتر رہنے پر ہم آسٹریلیا کے پاکستان میں کھیلنے سے متعلق بات چیت 2022 ءکے آغاز میں کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا پاکستان کو نائٹ ٹیسٹ کیلئے کوئی رقم نہیں دے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے دورئہ آسٹریلیا کے دوران 2 ٹور میچز کھیلنے کا امکان ہے جس میں سے ایک پرتھ میں پہلے ٹیسٹ سے قبل منعقد ہوگا، پی سی بی کو امید ہے کہ پرتھ کے فرسٹ گریڈ کلبز سے اس بارے میں ڈیل ہوجائے گی۔