Live Updates

ریاض: سعودی کھجوروں کے شائق افراد خوش ہو جائیں

رواں سال سعودی مملکت کی جانب سے 6500 ٹن کھجوریں دُنیا بھر میں تقسیم کی جائیں گی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 19 اپریل 2019 12:45

ریاض: سعودی کھجوروں کے شائق افراد خوش ہو جائیں
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل 2019ء) سعودی عرب کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ دُنیا بھر میں رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ساڑھے چھ ہزار ٹن سعودی کھجور دُنیا بھر کے مسلمان ممالک میں تقسیم کی جائے گی۔ اس بات کا اعلان ریاض میں اس حوالے سے منعقد ہونے والی ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا گیا۔ اس تقریب کی شاہ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر (KSRelief) کے جنرل سُپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیع نے کی۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ کھجور اپنے غذائی اور طاقت بخش خواص کی بناء پر دُنیا بھر میں انتہائی مقبول ترین شے ہے۔ جبکہ رمضان المبارک میں مسلمان اُمّہ کی جانب سے افطار کے وقت کھجور دستر خوان کا اہم جزو ہوتی ہے۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے سعودی مملکت کی جانب سے ساڑھے چھ ہزار ٹن کھجوریں دُنیا بھر کے 43 ممالک میں بطور تحفہ بھجوائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

جو سعودی مملکت کی جانب سے اپنے مسلمان بھائیوں سے محبت کا ایک اظہار ہے۔ یہ کھجوریں الاحصا کی ایک مشہور فیکٹری میں پیک کی گئی ہیں۔ اس تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں اور ممتاز سعودی حکام نے بھی شرکت کی۔ غیر مُلکی سفراء نے اس تقریب میں کھجوروں کی مسلم ممالک میں تقسیم پر شاہ سلمان، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کی اس فیاضی پر بہت شکریہ ادا کیا۔ سعودیہ کی جانب سے کھجوروں کی اس کھیپ میں سے ساڑھے چار ہزار ٹن کھجوریں ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت دُنیا کے 14 ممالک میں تقسیم کی جائیں گی، جبکہ اڑھائی ہزار ٹن کھجوریں 29 ممالک کی حکومتوں کے حوالے کی جائیں گی۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات