Live Updates

پاکستان تحریک انصاف سندھ میں مشکلات کا شکار

لیاقت جتوئی کو پیپلز پارٹی میں شمولیت کی پیشکش ، سینیٹر بنانے کی آفر بھی دے دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اپریل 2019 12:47

پاکستان تحریک انصاف سندھ میں مشکلات کا شکار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2019ء) : حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے گذشتہ روز وفاقی کابینہ میں اُکھاڑ پچھاڑ کی جس پر موجودہ حکومت کو تنقید کا سامنا ہے تاہم اب پاکستان تحریک انصاف سندھ میں بھی مشکلات کا شکار ہو گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے اُن رہنماؤں، جنہیں نظر اندازی کے علاوہ کچھ نہیں ملا، نے دوسری جماعتوں کی جانب دیکھنا شروع کر دیا ہے۔

سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف کئی سیاسی شخصیات گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے بھی مایوس ہو گئی ہیں۔اسی بات کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما لیاقت جتوئی سے پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات نے رابطے کیے۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ لیاقت جتوئی کو پارٹی میں شامل کرنے کے لیے پیپلز پارٹی کی اہم شخصیات بھی متحرک ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

جس کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما پیر مظہر الحق نے لیاقت جتوئی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے لیے ماحول سازگار بنان شروع کر دیا ہے۔

مظہر الحق دادو کی اہم شخصیت ہیں اور وہ لیاقت جتوئی کے ہم جماعت بھی رہ چکے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر مظہر الحق نے لیاقت جتوئی کو مستقبل میں سینیٹر بنانے کی پیشکش بھی کی ہے۔ ذرائع کے مطابق لیاقت جتوئی کو اس بات کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں جتوئی خاندان کو ایک ایم این اے اور ایک ایم پی اے کی نشست بھی دی جائے گی۔

میڈیا ذرائع نے بتایا کہ لیاقت جتوئی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا معاملہ اپنے آخری مراحل میں داخل ہو گیا ہے۔ جلد ہی جتوئی خاندان کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی خبر بھی سامنے آ جائے گی۔ اس حوالے سے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے جتوئی خاندان کی پارٹی میں شمولیت پر اعتراض کرنے والے رہنماؤں کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے۔ ممکنہ طور پر آئندہ چند دنوں میں جتوئی خاندان کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کی خبروں کی تصدیق ہو جائے گی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کو سندھ میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات