سرفراز احمد ورلڈ کپ میں 5ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کے خواہاں

مناسب یہی ہے کہ نمبر پانچ پر بیٹنگ کروں جو میرے اور ٹیم کے لیے اچھا ہے:قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اپریل 2019 12:55

سرفراز احمد ورلڈ کپ میں 5ویں نمبر پر بیٹنگ کرنے کے خواہاں
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19اپریل2019ء) ورلڈ کپ 2019 ءمیں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کرنے والے وکٹ کیپر سرفراز احمد میگا ایونٹ میں بطور بلے باز اپنے کردار کے حوالے سے خاصے سنجیدہ ہیں۔لاہور میں ورلڈ کپ کے لیے منعقدہ کیمپ کے دوران اپنی بیٹنگ پر خاصی توجہ دینے والے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کا مکمل اندازہ ہے کہ ان کی بیٹنگ ٹیم کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہے اور اس بات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہوں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں نمبر پانچ پر کھیلیں جو ٹیم کے مفاد میں ہوگا۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ویسے تو وہ اوپنر سے نمبر 9 تک ہر پوزیشن پر کھیل چکے ہیں تاہم اب وقت ہے کہ وہ یہ طے کرلیں کہ میگا ایونٹ میں کس نمبر پر کھیلیں اور ان کی نظر میں مناسب یہی ہے کہ وہ پانچویں نمبر پر بیٹنگ کریں جو ان کے اور ٹیم کے لیے اچھا ہے۔

(جاری ہے)

دلچسپ بات یہ کہ ہے سرفراز احمد نے انگلینڈ میں دس ون ڈے میں پانچ اننگز پانچویں نمبر کھیلیں جس میں انہوں نے ایک سنچری اور دو نصف سنچریوں کے ساتھ 300 رنز سکور کیے۔

31سالہ سرفراز احمد 101 ون ڈے میچز میں 32.91 کی اوسط سے 1942 رنز سکور کرچکے ہیں اور نمبر پانچ پر کھیلتے ہوئے دس اننگز میں 53.38 کی اوسط سے انہوں نے ایک سنچری اور تین نصف سنچریوں کے ساتھ 427 رنز بنائے، جو ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی نمبر پر کھیلتے ہوئے ان کی شاندار پرفارمنس ہے۔

متعلقہ عنوان :