وزیراعظم کے دورہ چین کے دوران سی پیک منصوبوں پر خاطر خواہ پیش رفت ہوگی، ایم ایل ون ریل منصوبے کے ابتدائی ڈیزائین پر دستخط ہوں گے

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی چین کے صوبہ ہوبے کے وائس گورنر ہوانگ چوٴْپنگ سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 19 اپریل 2019 13:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا رواں مہینے چین کا دورہ انتہائی اہم ہے، سی پیک منصوبوں پر خاطر خواہ پیش رفت ہو گی، پاکستان اور چین کے درمیان مین لائین ون ریل منصوبے کے ابتدائی ڈیزائین پر دستخط ہوںگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چین کے صوبہ ہوبے کے وائس گورنر ہوانگ چوٴْپنگ سے وزارت ریلوے میں ملاقات کے دوران کیا۔

پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دیرینہ تعلقات اور صوبہ ہوبے کے حوالے سے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر شیخ رشید نے کہاکہ پشاور۔کراچی ایم ایل ون منصوبے کے تکمیل سے پاکستان میں ریل کا انقلاب آئے گا۔ شیخ رشید نے ہوبے کی صوبائی حکومت کو گوادر، کوئٹہ، تافتان ایم ایل ٹو ریل منصوبے میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

(جاری ہے)

وائس گورنر نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ہوبے صوبے کے دورے کی خصوصی دعوت دی جس پر وزیر ریلوے کی طرف سے وائس گورنرہوانگ چوپنگ کا وزارت ریلوے دورے کا شکریہ ادا کیا اور دورے کی دعوت قبول کر لی۔ اس موقع پر ہوبے صوبے کے وائیس گورنر ہوانگ چوپنگ نے کہاکہ پاکستان آکر ایسے لگا جیسے اپنے عزیز بھائی کے گھر آیا ہوں، پاکستان کے لوگوں کی چین کے لئے محبت پر ان کا شکر گزار ہوں۔ ہوبے کی صوبائی حکومت پاکستان ریلوے کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی رکھتی ہے۔ ہماری استعداد سے پاکستان ریلوے کو جدید لائنوں پر ڈالا جا سکتا ہے۔ وائس گورنر نے کہاکہ سی پیک منصوبوں سے پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات میں ایک نئے اور سنہری دور کا آغاز ہوا ہی اور اسے مزید فروغ دیں گے۔