Live Updates

وزیراعظم عمران خان سے ورلڈکپ 2019ءکے لیے منتخب ٹیم کی ملاقات

عمران خان کی کپتان سرفراز احمد کو فرنٹ سے لیڈ کرنے کی ہدایت،حسن علی ،جنید خان کو باﺅلنگ ٹپس بھی دیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اپریل 2019 13:42

وزیراعظم عمران خان سے ورلڈکپ 2019ءکے لیے منتخب ٹیم کی ملاقات
اسلام آباد(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19اپریل2019ء) وزیراعظم عمران خان نے ورلڈکپ 2019ءکے لیے منتخب ٹیم سے وزیر اعظم ہاﺅس میں ملاقات کی،اس ملاقات میں چیئر مین پی سی بی احسان مانی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی موجود تھے ۔وزیراعظم عمران خان نے فردا ًفرداً تمام کھلاڑیوں سے مصافحہ کیا اور تمام کھلاڑیو ں کی حوصلہ افزائی بھی کی ،انہوں نے کھلاڑیوں کوورلڈ کپ میں محنت،لگن اورجذبے سے کھیلنے کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم عمران خان نے 1992 ءکے ورلڈ کپ کے اپنے تجربات سے ٹیم کو آگاہ کیا،انہوں نے کپتان سرفراز احمد کو فرنٹ سے لیڈ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ تم ٹیم لیڈر ہو اگرتم دلیری سے کھیلوگے تو تمہاری ٹیم بھی دلیر ہوگی،1992ءمیں ہماری ٹیم بہت کمزورتھی لیکن جذبے نے ہمیں جیت سے ہمکنارکرایا،وزیراعظم نے فاسٹ باﺅلرحسن علی،جنید خان،فہیم اشرف کوانگلینڈکنڈیشن کے مطابق باﺅلنگ ٹپس دیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔پوری دنیا میں ملک و قوم کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔انہوں نے ملاقات کرنے والے کھلاڑیوں اور پی سی بی حکام سے کہا آپ قوم کے سفیر ہیں اور پوری قوم کی نظریں اور توقعات آپ سے وابستہ ہیں، اپنی صلاحیتوں ، سپورٹس مین سپرٹ اور اپنے طرز عمل سے پاکستان کا نام روشن کریں۔

وزیراعظم نے کہا چیمپئن جیت کا بھرپورجذبہ لے کر اورمکمل منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اترتے ہیں۔ٹیم اسپرٹ کامیابی کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 ءکے لیے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈکپ میں سرفراز احمد قومی ٹیم کی کپتانی کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، عماد وسیم، فخرزمان، امام الحق، عابد علی، بابراعظم، شعیب ملک، محمد حفیظ، حارث سہیل حسن علی، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، جنید خان اور محمد حسنین ہیں تاہم محمد حفیظ کی ورلڈکپ سکواڈ میں شمولیت فٹنس سے مشروط ہے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ محمد عامر اور آصف علی کو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیم کا حصہ بنایا گیا اور ہمارے پاس 22مئی تک موقع ہے کہ ہم ورلڈکپ سکواڈ میں تبدیلی کرسکتے ہیں اور ان دونوں کھلاڑیوں کو کارکردگی کی بنیاد پر ورلڈکپ سکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات