بلغاریہ ، کئی ملین ڈالر مالیت کی 288 کلو گرام سے زائد وزن کی ہیروئن ضبط

جمعہ 19 اپریل 2019 14:51

صوفیہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) بلغاریہ کے کسٹمز حکام نے ترکی کے راستے ایران سے سمگل کی جانے والی کئی ملین ڈالر مالیت کی 288 کلو گرام سے زائد وزن کی ہیروئن ضبط کر لی۔رواں سال بلغارین سرحدوں کے قریب سے پکڑے جانے والی منشیات کی یہ سب سے بڑی کھیپ ہے جس کو ضبط کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

بلغارین کسٹمز حکام کے مطابق جنوب مشرقی کپیتان اندیوو چیک پوائنٹ پر پکڑی جانے والی اس کھیپ میں ہیروئن کو 144 پیکٹوں میں چھپا کر بڑی سپرے پینٹ مشین کے اندرونی حصوں میں رکھا گیا تھا جو ایک ٹرک پر لائی جا رہی تھی۔

سرحدی چوکی پر ٹرک کے سامان کا ایکسرے کیا گیا جس سے منشیات پکڑی گئی۔حکام کے مطابق ٹرک کے ایرانی ڈرائیور اور اس کے ترک ساتھی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ان کو اس جرم میں بلغارین قانون کے مطابق 15سے 20سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔بلغاریہ مشرق وسطی سے مغربی یورپ کے لئے منشیات کی سمگلنگ کا روٹ کہا جاتا ہے۔