سرکاری ملازمین کے لیے تربیت کا عمل ناگزیزہے تربیت سے ملازمین کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے‘ایڈیشنل چیف سیکرٹری

آزادکشمیر بھر کے آفیسران اور ملازمین کو تربیت کے مواقع فراہم کریں گے تاکہ انکی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے اور ریاستی عوام کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں

جمعہ 19 اپریل 2019 15:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام تیسرے بیسک مینجمنٹ کورس کی تقریب تقسیم اسناد جمعہ کے روز منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات ) ڈاکٹر سید آصف حسین تھے۔جبکہ اس موقع پر آزاد کشمیر کے سیکرٹری جموںوکشمیر لبریشن سیل منصور قادر ڈار ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ راجہ اعجاز احمد خان ، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹریشن لیاقت حسین چوہدری بھی موجود تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرسید آصف حسین نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لیے تربیت کا عمل ناگزیزہے تربیت سے ملازمین کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے اور انکی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نکھار پید اہوتا ہے۔

کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ سرکاری آفیسران اورملازمین کو تربیت کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں آپ کی صلاحیتوں کو مزید بہتر کرنے کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ادارہ کی سرپرستی جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر بھر کے آفیسران اور ملازمین کو تربیت کے مواقع فراہم کریں گے تاکہ انکی صلاحیتوں میں اضافہ ہو سکے اور ریاستی عوام کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ آفیسران تربیت کے عمل میں شرکت کو یقینی بنائیں کیونکہ موجودہ دور میں کسی بھی کام میں استعداد کار بڑھانے کے لیے اسطرح کے تربیتی کورسز نہایت اہم ہیں ۔آپکی محنت ریاست کی ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ سے استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئر(ر) سید اختر حسین شاہ نے کورس کی غرض وغایت بیان کی۔

انہوں نے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والے جب کورس کے لیے آئے تھے تو ان کا معیار اور سوچ کچھ اور تھی اب ان کے معیار و کردارمیں ایک مثبت تبدیلی نظرا ٓرہی ہے جوکہ مستقبل میں بھی ان کے کام آئے گی۔انہوںنے کہا کہ ایک صحت مند دماغ ایک صحت مند جسم میں ہوتا ہے اس لیے ادارہ نے شرکائے کورس کی جسمانی تربیت کا بھی اہتمام کیا۔ انھوں نے مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا اور ان تمام لوگوں کا بھی شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں اور تعاون سے اس کورس کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔ تقریب کے اختتام پر شرکائے کورس میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ بریگیڈئیر(ر) سید اختر حسین شاہ نے مہمان خصوصی ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ڈاکٹر سید آصف حسین کو شیلڈپیش کی۔

متعلقہ عنوان :