ممتاز کشمیری راہنما اور سابق صدر مسلم کانفرنس راجہ محمد حیدر خان کی برسی ان کی عزت واحترام کے ساتھ منائیں‘سردار عتیق احمد خان کی ہدایت

جمعہ 19 اپریل 2019 15:19

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان مسلم کانفرنسی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ ممتاز کشمیری راہنما اور سابق صدر مسلم کانفرنس راجہ محمد حیدر خان کی برسی ان کی عزت واحترام کے ساتھ منائیں۔انہوں نے کہا کہ راجہ حیدر خان نے حکومت چھوڑ کر مسلم کانفرنس کو اپنا اوڑنا اور بچھونا بنایاتھا لیکن بدقسمتی سے ان کے سیاسی جانشینوں نے مسلم کانفرنس توڑ کر حکومتی عارضی اقتدار کو ترجیح دی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مسلم کانفرنس یا وزرات عظمیٰ میںسے کسی ایک کا انتخاب کرنے کے لیے کہا گیا۔ہم اقتدار کو لات مارکر مسلم کانفرنس کی مضبوطی کے لیے کام کررہے ہیں۔مسلم کانفرنس حالات اور واقعات کے گرداب سے نکل کر اب تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہے۔

(جاری ہے)

وقت آئے گا کہ سارے لوگ راجہ حیدر خان کے راستے کا انتخاب کریں گے۔سردار عتیق احمد خان نے ان خیالات کا اظہار سابق صدر مسلم کانفرنس غازی ملت راجہ حیدر خان کی53ویں برسی کے موقع پر کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں کیا۔

مسلم کانفرنس کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری ہونیو الے پریس ریلیز کے مطابق سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس ہمارے آبائو اجداد اور اسلاف کی نشانی ہے جسے ہم دل وجان سے عزیز سمجھ کر پروان چڑھارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ماضی میں کسی بھی طرح مسلم کانفرنس کا حصہ رہے وہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ہمیں قطع نظر اس کے کہ ان کی اولادوں نے کون سا راستہ اپنایا ہم ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسلم کانفرنس کو مضبوط سے مضبوط کرتے جائیں گے۔

سردار عتیق احمد خان راجہ حیدر خان کی بیوہ محترمہ سیدہ خانم کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 1975ء میں ایف ایس ایف کی للکار اور دھمکیوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نے مردانہ وار مقابلہ کر کے راجہ حیدر خان کی روح کو خوش کردیا تھا۔ہمارے لیے راجہ حیدر خان اور ان کی اہلیہ محترمہ کا یہ کردار بڑا اثاثہ ہے جسے ہم کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔انہوں نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آج ہفتہ کے روز آزادکشمیر بھر میں مسلم کانفرنس کی مقامی تنظیموں کے اجلاس منعقد کر کے راجہ حیدر خان اور ان کی اہلیہ محترمہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں اور ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کریں۔

متعلقہ عنوان :