چینی قونصل خانے پر حملے کا معاملہ، سفارتخانے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا

سکیورٹی وجوہات کی بنا پر چینی قونصل خانے کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا۔

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اپریل 2019 15:32

چینی قونصل خانے پر حملے کا معاملہ، سفارتخانے کو منتقل کرنے کا فیصلہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2019ء) : کراچی میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے چینی سفارتخانے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ سندھ حکومت نے چینی سفارتخانے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سکیورٹی وجوہات کی بنا پر چینی قونصل خانے کی منتقلی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو کو محفوظ مقام پر زمین فراہم کرنے کی تجاویز بھی ارسال کرنے کا حکم جاری کیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اس ضمن میں بورڈ آف ریونیو کو تین دن کے اندر محفوظ زمین کی نشاندہی کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ اس حوالے سے بورڈ آف ریونیو نے ممبر لینڈ یوٹیلائزیشن سندھ کو رپورٹ دینے کے حوالے سے خط بھی لکھ دیا۔ بورڈ آف ریونیو کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں کہا گیا کہ قونصل خانے کو زمین الاٹ کرنے کی جامع رپورٹ تیار کر کے بھیجی جائے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ برس 23 نومبر 2018ء کو صبح سوا 9 بجے کراچی کے علاقہ کلفٹن بلاک 4 میں دہشتگردوں نے چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں سمیت 7 افراد شہید ہو گئے تھے۔ پولیس اور رینجرز نے بروقت دہشتگردوں کے خلاف جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں تین دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ کراچی پولیس اور رینجرز کی جرأت مندی اور بہادری نے ہی دہشتگردوں کی چینی قونصلیٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنائی تھی، پولیس اور رینجرز کی جائے وقوعہ پر موجودگی کے باوجود پاک فوج اور ایف سی کے دستے بھی پہنچے اور کلئیرنس آپریشن مکمل کر کے چینی قونصلیٹ کو کلئیر قرار دیا تھا۔

چینی قونصلیٹ پر دہشتگردوں کی جانب سے کیے جانے والے اسی حملے کے پیش نظر سندھ حکومت نے اب قونصل خانے کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔