Live Updates

وزیراعظم عمران خان غصے میں ہیں، وہ کہتے ہیں جس نے جانا ہے جا سکتا ہے

معروف صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے اندرونی کہانی بتا دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 19 اپریل 2019 16:02

وزیراعظم عمران خان غصے میں ہیں، وہ کہتے ہیں جس نے جانا ہے جا سکتا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 اپریل 2019ء) : وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے استعفے کے بعد سینئیر صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے نجی ٹی وی چینل پر پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیاں تو ہورہی ہیں لیکن میں تاحال اپنی اس بات پر قائم ہوں کہ وزیراعظم عمران خان اسمبلیاں توڑنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان آج کل کافی غصے میں ہیں اسی لیے ایسے فیصلے کر رہے ہیں۔

انہوں نے تو کابینہ کے اجلاس میں یہاں تک کہہ دیا تھا کہ جس نے جانا ہے وہ چلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں غلام سرور نے وزیراعظم عمران خان کو صاف کہہ دیا کہ اگر آپ نے مجھے میری وزارت سے ہٹایا تو میں ایم این اے شپ چھوڑ دوں گا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ دیکھنے میں آئی۔

(جاری ہے)

9 وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے، اسد عمر، فواد چوہدری، غلام سرور، شہریار آفریدی، عامر کیانی، طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر سے ان کے قلمدان واپس لے لیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے فواد چوہدری سے اطلاعات، علی امین گنڈا پور سے کشمیر امور، غلام سرور خان سے پیٹرولیم، عامر محمود کیانی سے قومی صحت، طارق بشیر چیمہ سے ہاؤسنگ کی وزارت واپس لے لی تھی جبکہ عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈویژن مقرر کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا،وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان کو وفاقی وزیر برائے ہوا بازی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ریاستوں و سرحدی علاقہ جات کا قلمدان تفویض کیا گیا۔

جبکہ محمد میاں سومرو جن کے پاس ہوا بازی ڈویژن کا اضافی قلمدان بھی تھا وہ وفاقی وزیر نجکاری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ جبکہ ڈاکٹر ظفر الله مرزا کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز و کوآرڈینیشن، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور ندیم بابر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن مقرر کیا گیا۔ وفاقی کابینہ میں اچانک ہونے والی ان تبدیلیوں نے کئی سوالات کھڑے کر دئے ہیں جبکہ اب وفاق کے بعد پنجاب کی کابینہ میں بھی تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات