مہلک بیماریوں میں مبتلا مستحق افراد کے علاج کیلئے وزیراعظم پروگرام کو دوبارہ شرو ع کیا جائیگا، علی محمد خان

جب تک میں وزیر ہوں پروگرام سرد خانے میں نہیں جائیگا،پروگرام سابقہ حکومت نے اچھی نیت سے شروع کیا تھا،ہم سراہتے ہیں، کمیٹی میں گفتگو

جمعہ 19 اپریل 2019 17:19

مہلک بیماریوں میں مبتلا مستحق افراد کے علاج کیلئے وزیراعظم پروگرام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ مہلک بیماریوں میں مبتلا مستحق افراد کے علاج کیلئے سابق حکومت میں شروع کئے گئے وزیراعظم پروگرام کو دوبارہ شرو ع کیا جائیگا ، جب تک میں وزیر ہوں یہ پروگرام سرد خانے میں نہیں جائے گا،یہ پروگرام سابقہ حکومت نے اچھی نیت سے شروع کیا تھا،ہم اس کو سراہتے ہیں ۔

جمعہ کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا مجاہد علی کی زیر صدارت میں اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے سابقہ فاٹا کی خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیئے نشستوں پر انتخابات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بتایاگیا کہ سابقہ فاٹا کی 4 مارچ کو حلقہ بندیاں شائع کی گئیں،16 صوبائی نشستوں پر انتخابات کا شیڈول اپریل کے آخر میں جاری کیا جائیگا، ،تیسرے پتے کے باعث75 ہزار ووٹ فاٹا سے ہٹائے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

بتایاگیاکہ ایک لاکھ 94 ہزار ووٹ فاٹا میں شامل کیئے گئے ہیں، فاٹا میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 26لاکھ 91 ہزار895 ہے ، فاٹا کی آبادی 50لاکھ ایک 929 ہے ۔ عبد الاکبر چتراتی نے کہاکہ فاٹا کی آبادی 50 لاکھ ہے تو ووٹرز کی تعداد 26 لاکھ کیسے ہو گئی ۔حکام وزار ت پارلیمانی امور نے بتایا کہ وزیر اعظم پروگرام کے تحت 1ارب 87 کروڑ خرچ کیے گئے، ملک بھر میں 852 مہلک بیماریوں میں مبتلا مریضوں کا علاج کیا گیا۔

علی محمد خان نے بتایا کہ وزیر اعظم چاہتے ہیں اس پروگرام کو بیت المال کے حوالے کیا جائے، اب اس پروگرام کو وزارت صحت سے منظور کرایا گیا ہے ۔علی محمد خان نے کہاکہ وفاقی کابینہ کی منظوری باقی ہے ،گذشتہ تین سال میں 134 مریضوں کے لیور ٹرانسپلانٹ ہوئے ۔ انہوںنے کہاکہ لیور ٹرابسپلانٹ پر 5 کروڑ کے اخراجات آئے۔ حکام نے بتایا کہ شفا ہسپتال میں 91 شیخ زید میں 26 اور ملٹری ہسپتال میں 26 لیور ٹرانسپلانٹ ہوئے،دیگر دو ہسپتالوں میں 15 لیور ٹرانسپلانٹ کیے گئے۔

علی محمدخان نے کہاکہ صحت کارڈ کا وزیر اعظم مہلک بیماریوں کے پروگرام سے کوئی تعلق نہیں ،مستقبل میں تمام پروگراموں کو ایک چھتری کے نیچے لانا چاہتے ہیں۔علی محمد خان نے کہاکہ احساس کارڈ کے نام سے نیا پروگرام لایا جا رہا ہے، ابھی لوگوں کو ریلیف دینا ہے اس لئے یہ پروگرام جاری رہے گا ۔رکن کمیٹی عبد الرحمان کانجو نے کہا کہ وزیر اعظم پروگرام دوبارا شروع ہونا چاہیے ،نگران حکومت کے دوران سے یہ بند ہے ،وزیر پارلیمانی علی محمد خان نے کہا کہ جب تک میں وزیر ہوں یہ پروگرام سرد خانے میں نہیں جائے گا،یہ پروگرام سابقہ حکومت نے اچھی نیت سے شروع کیا تھا،ہم اس کو سراہتے ہیں ،ان کا ارادہ اچھا تھا اسی ارادے کو میں بھی جاری رکھنا چاہتا ہوں ،یہ پروگرام نگران حکومت میں بند ہوا تھا ہم اس کو شروع کرنا چاہتے ہیں