ایوی ایشن کی صنعت میں نجی شعبہ کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں،سہیل امان

جمعہ 19 اپریل 2019 17:44

ایوی ایشن کی صنعت میں نجی شعبہ کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) سابق چیف آف ایئرسٹاف سہیل امان نے کہا ہے کہ ایوی ایشن کی صنعت میں نجی شعبہ کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں، تاجر برادری ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن انڈسٹری میں جہازوں کے پرزہ جات سمیت متعدد مصنوعات تیار کرنے کی گنجائش پائی جاتی ہے، نجی شعبہ آگے بڑھے اور ایوی ایشن انڈسٹری کے ویلیو بیسڈ پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کرکے اس انڈسٹری کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ انہوں نے نجی شعبہ کی نچلے درجے کی صنعت کو ایوی ایشن انڈسٹری کے ساتھ منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے نہ صرف نجی شعبہ کیلئے کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ایوی ایشن شعبہ کی برآمدت کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اب جدید قسم کے لڑاکا طیارے بنانے پر کام شروع کر دیا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف 16 کی تیاری میں کئی دہائیاں لگی تھیں جبکہ ہماری ٹیم نے عزم طیارے کا ڈیزائن صرف 2 سال میں بنا لیا ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہمارے پاس ایوی ایشن انڈسٹری کے جدید ماہرین موجود ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر تاجر برادری کو فرینڈز ہسپتال کی غریب عوام کیلئے خدمات کے بارے میں بتایا جس کے وہ سرپرست اعلیٰ بھی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک فلاحی ہسپتال ہے جو خاص طور پر غریب عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے اس ہسپتال کو مزید وسعت دینے کی کوششوں میں تاجر برادری کا تعاون چاہا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر افتخار انور سیٹھی نے سابق چیف آف ایئر سٹاف سہل امان کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایوی ایشن انڈسٹری اور نجی شعبہ کا قریبی تعاون انڈسٹری اور معیشت کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوی ایشن انڈسٹری سمیت ملکی دفاع کو مضبوط کرنے کی کوششوں میں تاجر برادری ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ رہے گی۔ انہوںنے اس موقع پر فرینڈز ہسپتال کیلئے ایک خطیر رقم بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا اور یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری ہسپتال کو وسعت دینے میں تعاون کرے گی۔ فرینڈز ہسپتال کے چیئرمین قائم حسین شاہ، چیمبر کے سابق صدور خالد اقبال ملک، میاں شوکت مسعود اور زاہد مقبول سمیت محمد احمد، محمود احمد وڑائچ، شیخ شوکت ، چوہدری مسعود اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سہیل امان کی خدمات کی تعریف کی۔