Live Updates

عمران خان کوبالآخر ہمارا وزیرخزانہ منتخب کرنا پڑا، شیری رحمان کی تنقید

پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں غلط تھیں تو ہمارا وزیرخزانہ کو کیوں منتخب کیا ؟ عمران خان بڑا نااہل ہے اور نااہلی سے بڑی کوئی کرپشن نہیں۔ پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اپریل 2019 17:31

عمران خان کوبالآخر ہمارا وزیرخزانہ منتخب کرنا پڑا، شیری رحمان کی تنقید
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل 2019ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی رہنماء سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے بالآخر پی پی کا وزیرخزانہ منتخب کرلیا، پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیاں غلط تھیں توہمارا وزیرخزانہ کو کیوں منتخب کیا ؟عمران خان بڑا نااہل ہے،اور نااہلی سے بڑی کوئی کرپشن نہیں۔ انہوں نے وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ اور وزیرخزانہ اسد عمر کے استعفے پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اعتراف کرلیا کہ 8 مہینے تک وزراء کی کارکردگی ناقص رہی۔

انہوں نے کہا کہ نااہلی سے بڑی کرپشن کوئی نہیں اورعمران خان سے بڑا نااہل کوئی نہیں ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ سیاست کوئی کرکٹ نہیں ہے کہ 8 مہینوں کی تباہی کے بعد ٹیم بدل دی جائے۔عمران خان نے اس ٹیم کو ہی بدل دیا جس کی بنیاد پر ووٹ ملے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی پر تنقید کرنے والے وزیراعظم نے پی پی کے وزیرخزانہ کو منتخب کرلیا۔ سوال یہ ہے کہ اگر پیپلزپارٹی کے دورحکومت کی معاشی پالیسیاں غلط تھیں تو پیپلزپارٹی کے وزیرخزانہ کو کیوں منتخب کیا گیا۔

شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں 10سالوں کا ریکارڈ قرضہ لیا گیا۔ جبکہ عمران خان اپنی نااہلی چھپانے کیلئے الزام اپوزیشن پر لگا رہے ہیں۔ اسی طرح پی پی رہنماء قمر زمان کائرہ نے وفاقی کابینہ میں ردوبدل پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپٹ لوگوں کو بھی اپنی کابینہ کا حصہ بنا دیا ہے۔ ندیم بابر ایس این جی پی ایل کا نادہندہ ہے، ندیم بابر چھیاسی کروڑ کا نادہندہ ہے، ندیم بابر کے خلاف نیب میں انکوائری چل رہی ہے، لیکن وزیراعظم نے اپنی نام نہاد شفاف کابینہ کا حصہ بنا دیا۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ غیرمنتخب لوگوں کو مشیر بنا کرعمران خان اپنے نام نہاد اصولوں کی پاسداری پر اترآیا۔ انہوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو چور ڈاکو کہنے والا عمران خان پارلیمنٹ پر کیسے یقین کرسکتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات