میڈیکل کے شعبہ سے وابستہ افراد کا دکھی انسانیت کی خدمت اولین اوربنیادی مقصد ہوناچاہئیے، گورنرشاہ فرمان

جمعہ 19 اپریل 2019 19:08

میڈیکل کے شعبہ سے وابستہ افراد کا دکھی انسانیت کی خدمت اولین اوربنیادی ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ میڈیکل کے شعبہ سے وابستہ افراد کا دکھی انسانیت کی خدمت اولین اوربنیادی مقصد ہوناچاہئیے اور ملک وقوم کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے جمعہ کے روز خیبرکالج آف ڈینٹسٹری کے 10 ویں کانوکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا نے سیشن 2017-18 کے 154 طالب علموں میں ڈگری سرٹیفکیٹس جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے 56 طالب علموں میں گولڈمیڈلز تقسیم کئے۔ کانووکیشن میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرہشام انعام اللہ خان، وائس چانسلر خیبرمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاوید، ڈین خیبرکالج آف ڈینٹسٹری پروفیسر ڈاکٹر غلام رسول، فیکلٹی اراکین کے علاوہ کالج کے طالب علموں اوروالدین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنرخیبرپختونخوا نے خیبرکالج آف ڈینٹسٹری کی میڈیکل کے شعبہ میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہاکہ نوجوان ڈاکٹرز خوش قسمت ہیں کہ انہیں ایک بہترین اورتاریخی ادارہ سے میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کاموقع ملا۔ انہوں نے گریجویٹس ڈاکٹرز، فیکلٹی اراکین اور والدین کو مبارکبادپیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہارکیا کہ یہاں سے فارغ التحصیل ہونیوالے گریجویٹس ڈاکٹرز اپنے پیشہ کے ساتھ ایمانداری کریں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں گے۔

قبل ازیں خیبرکالج آف ڈینٹسٹری کے ڈین پروفیسر ڈاکٹرغلام رسول نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایاکہ خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کا آغاز 1964 میں خیبرمیڈیکل کالج کے ایک ڈیپارٹمنٹ کے طور پر ہواتھا۔ 1990 میں اس کوخیبرکالج آف ڈینٹسٹری کا درجہ حاصل ہوا۔ یہ ادارہ اپنی طرز کا ملک کاایک بہترین ادارہ ہے جوکہ پروفیسر ڈاکٹر احمداقبال کی مرہون منت ہے۔ اس ادارے سے سینکڑوں کے حساب سے طالب علموں نے طب کی بہترتعلیم حاصل کی اوردکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ مذکورہ کالج میں PMDC کی منظوری کے بعد طالبعلموںکی نشستوں کی تعداد کو 50 سے بڑھا کر80کردیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :