انجینئرنگ یونیورسٹی میں انٹر ڈیپار ٹمنٹل سپورٹس چمپئین شپ2019 کا آغاز

جمعہ 19 اپریل 2019 19:17

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں انٹر ڈیپارٹمنٹل سپورٹس چمپئین شپ 2019کی افتتاحی تقریب گذشتہ روز انجینئرنگ یونیورسٹی کے وی سی لان میں منقعد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم ارباب ، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ تھے۔ سپورٹس مقبالوں کا اہتمام انجینئرنگ یونیورسٹی کے ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس نے یو ای ٹی سپورٹس سوسائٹی (USS)کے تعاون سے کیا ہے جس کے دوران انجینئرنگ یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے طلباء و طالبات باسکٹ بال ، کرکٹ، فٹسال، لان ٹینس، والی بال، بیڈ منٹن، ٹیبل ٹینس، اور ان ڈور مقابلوں میں حصہ لیںگے۔

چمپئین شپ 22اپریل تک جاری رہے گا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم ارباب ، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ کمپیوٹر انجینئرنگ نے طلباء سے اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈائریکٹر سپورٹس ، محمد علی ، یو ای ٹی سپورٹس سوسائٹی کے صدرروح اللہ خان ، نائب صدر نفیس سیداور ایونٹ ہیڈ شاہ زیب صالح زادہ کو سپورٹس چمپئین شپ کے کامیاب انعقاد پر خراج تحسین پیش کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کھیل ہماری زندگی کا ایک اہم حصہ ہے جوکہ کردار اور جسمانی صلاحیتوں کے غیر معمولی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے۔ کھیل سے نہ صرف جسمانی بلکہ ذہنی نشو نماء بھی بڑھتی ہے۔ انجینئر ڈاکٹر خضر اعظم خان، رجسٹرار انجینئرنگ یونیورسٹی نے تقریب سے اپنے خطاب میں سپورٹس چمپئین شپ کے منتظمین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ تعلیم کیساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ دیں۔