Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے کل پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کرلیا

اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختونخواہ میں متوقع تبدیلیوں سے متعلق مشاورت کی جائےگی، بنی گالہ میں منعقدہ اجلاس میں سینئر پارٹی رہنماء، وزراء اعلیٰ، گورنرز اور وزراء شرکت کریں گے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اپریل 2019 19:13

وزیراعظم عمران خان نے کل پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کرلیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے، اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختونخواہ میں متوقع تبدیلیوں سے متعلق مشاورت کی جائےگی، بنی گالہ میں منعقدہ اجلاس میں سینئر پارٹی رہنماء، وزراء اعلیٰ، گورنرز اور وزراء شرکت کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بھی اہم تبدیلیاں کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا کل شام4 بجے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں سینئر پارٹی رہنماء جہانگیرترین سمیت وزراء اعلیٰ، تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور وزراء بھی شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پنجاب، خیبرپختوںخواہ اور سندھ کے گورنرزبھی شرکت کریں گے۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی امور پر مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختونخواہ میں متوقع تبدیلیوں سے متعلق مشاورت کی جائےگی۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کردی ہے۔ وزیرخزنہ اسد عمر نے اپنی وزارت چھوڑنے کا اعلان کیا اور آئندہ بغیر کسی وزارت کے پارٹی کی سپورٹ جاری کا فیصلہ کیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی وزارتوں میں تبدیلیوں کا سیلاب کھڑا ہوگیا۔ وزارت خزانہ کی ذمہ داری نئے مشیرعبدالحفیظ کو سونپ دی گئی ہے۔ وزیراطلاعات فواد چودھری کو سینئیر پارٹی رہنماؤں اور ایم ڈی پی ٹی وی پرتنقید سمیت ملازمین کے مظاہرے میں آمد پارٹی قیادت کو اچھی نہیں لگی، جس پر فواد چودھری کیلئے کڑے دن شروع ہوگئے تھے۔ اس سے فواد چودھری بھی آگاہ تھے کہ ان کی وزارت تبدیل کردی جائے گی لیکن فواد چودھری نے کوشش بھی کی کہ ان کی وزارت بچ جائے۔

تاہم وزیراعظم عمران خان نے فواد چودھری کو ان کی خواہش کے مطابق نئی وزارت دی ہے۔ وزیراعظم نے اعظم سواتی کی خالی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری کو دے دی ہے۔ فواد چودھری نے وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا مطالبہ کیا تھا۔ اسی طرح وزیراعظم نے اعظم سواتی کی کابینہ میں واپسی کا فیصلہ بھی ایک ماہ پہلے کرلیا گیا تھا۔ جس کے تحت وزیراعظم ان پارلیمانی کی وزارت میں ایڈجسٹ کردیا ہے۔

جبکہ وزیرپارلیمانی امور اعجاز شاہ کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپ دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز فردوس عاشق اعوان کو فون کرکے نئی ذمہ داری سے خود آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے فردوس عاشق اعوان کو وزارت اطلاعات سونپنے کا فیصلہ ایک ماہ پہلے کرلیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرمملکت داخلہ شہریار آفریدی اختیارات کے باوجود متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے۔

اسی طرح اعجاز شاہ، حفیظ شیخ اوراعظم سواتی کو وزارتیں دینے کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا گیا۔ ڈاکٹرظفر اللہ مرزا کو انکی مہارت کی بنیاد پر وزارت صحت میں بطور معاون آزمانے کافیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے عامرکیانی کو ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر ناراضگی کا پیغام پہنچایا۔ جس پر انہیں وزارت سے ہاتھ دھونا پڑا۔ غلام سرورخان کو گیس بلوں پرسخت دباؤ کے باعث تبدیل کیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات