Live Updates

تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے، فردوس عاشق

اختلاف رائے ہر سیاسی جماعت میں ہوتا ہے، ن لیگ، پیپلزپارٹی نے بھی وزارت خزانہ کیلئے ٹیکنوکریٹ لگائے، پی ٹی آئی کوئی نیا کام نہیں کیا، کابینہ میں ردوبدل ہر دور میں ہوتا رہا۔ وفاقی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 19 اپریل 2019 19:32

تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے، فردوس عاشق
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔19 اپریل 2019ء) وفاقی مشیر اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے، اختلاف رائے ہر سیاسی جماعت میں ہوتا ہے، ن لیگ ، پیپلزپارٹی نے بھی وزارت خزانہ کے لیے ٹیکنوکریٹ لگائے، پی ٹی آئی کوئی نیا کام نہیں کیا، کابینہ میں ردوبدل ہر دور میں ہوتا رہا۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان عزیز ہے۔

میں ٹیم ورک پریقین رکھتی ہوں۔ فردوس عاشق نے کہا کہ وزیراعظم نے مجھے خود کل عہدہ دینے سے متعلق آگاہ کیا۔وزیراعظم نے مجھ پر اعتماد کیا میں ان کی شکرگزارہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا استحقاق ہے کہ وہ کس کو کیا پوزیشن دیتے ہیں۔ فواد چودھری کو وزیراعظم کا مکمل اعتماد حاصل ہے، وزیراعظم کے اعتماد کے باعث انہیں دوسری وزارت ملی ہے۔

(جاری ہے)

فردوس عاشق نے کہا کہ تحریک انصاف میں گروپ بندی نہیں ہے، اختلاف رائے ہر سیاسی جماعت میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ، پیپلزپارٹی کی حکومت ہو، یا پھر مشرف کی حکومت ہو، وزارت خزانہ کے معاملات ٹیکنوکریٹ ہی دیکھتے تھے۔ ٹیکنوکریٹ ہر حکومت کی ذمہ داری رہا ہے ۔ فردوس عاشق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اکھاڑ پچھاڑ کرکے کوئی نیا کام نہیں کیا۔کابینہ میں ردوبدل ن لیگ اور پی پی کے دور میں بھی ہوتا رہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کے بعد پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں بھی اہم تبدیلیاں کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کا کل شام4 بجے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں سینئر پارٹی رہنماء جہانگیرترین سمیت وزراء اعلیٰ، تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور وزراء بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس میں پنجاب، خیبرپختوںخواہ اور سندھ کے گورنرزبھی شرکت کریں گے۔ بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی امور پر مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اجلاس میں پنجاب اورخیبرپختونخواہ میں متوقع تبدیلیوں سے متعلق مشاورت کی جائے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات