پنجاب:بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہونے کا انکشاف

5 لاکھ 65 ہزار ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ،کاشتکاروں کو آٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا،محکمہ زراعت پنجاب کی رپورٹ

جمعہ اپریل 19:52

پنجاب:بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہونے کا انکشاف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) بارشوں سے تباہ ہونے والی فصلوں سے متعلق محکمہ زراعت پنجاب نے رپورٹ تیار کر لی ہے جس میں پنجاب میں بارشوں سے پونے 7لاکھ ایکڑ پر کاشت فصلیں متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے ۔،رپورٹ کے اعدادو شمار کے مطابق حالیہ بارشوں سے مجموعی طور پر 6لاکھ63ہزار1سو92 ایکڑ پرکاشت کی گئی مختلف فصلیں متاثر ہوئیں۔

طوفانی بارشوں اور ژالہ باری نے سب سے زیادہ گندم کی فصل کو متاثر کیا۔ بارشوں سے 5 لاکھ 65 ہزار ایکڑ پر کھڑی گندم کی فصل تباہ ہوگئی۔ گندم کی فصل کی تباہی سے کاشتکاروں کو آٹھ ارب روپے کا نقصان ہوا۔رپورٹ میں کہا گیاہے کہ 3 ہزار 1سو 23 دیہات ایسے ہیں جہاں گندم کی فصل تباہ ہوگئی ہے۔ 14 ہزار 9 سو 82 ایکڑ رقبہ ایسا ہے جہاں سو فیصد گندم کی فصل تباہ ہوئی۔

(جاری ہے)

گندم کی فصل کا 11 ہزار 5 سو 18 ایکڑ رقبہ پچھتر فیصد متاثر ہوا ہے۔ ایک لاکھ 77 ہزار 55 ایکڑ رقبہ پر گندم کی فصل پچاس فیصد متاثر ہوئی ہے۔ گندم کی فصل کا 3 لاکھ 62 ہزار 3سو 36 ایکڑ رقبہ پچیس فیصد متاثر ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق جھنگ،خانیوال،ڈی جی خان اور چکوال میں گندم کی فصل سو فیصد متاثر ہوئی۔ ڈویڑن کی سطح پر فیصل آباد میں سب سے زیادہ گندم کی فصل کو نقصان پہنچا۔

فیصل آباد ڈویڑن میں گندم کی فصل سب سے زیادہ کاشت ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بارشوں سے مکئی،کپاس،گنا،باجرہ،چارہ اور سٹابری کو بھی نقصان پہنچاہے۔ سورج مکھی،کینولہ،تمباکو، اسپغول اور سبزیاں بھی حالیہ بارشوں اور ڑالہ باری سے متاثر ہوئی ہیں۔محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق کل پانچ ہزار دو سو بائیس دیہاتوں میں مقیم کاشکاروں کی فصلیں متاثر ہوئی ہیں۔

متعلقہ عنوان :