آسٹریلیا نے پاکستان کو ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کیلئے پر راضی کرلیا

ٹیم کوکوئی رقم نہیں دی جا رہی، کینگروزکو2022میں پاکستان آنے پرآمادہ کرنیکی کوشش کریں گی:وسیم خان

جمعہ 19 اپریل 2019 20:25

آسٹریلیا نے پاکستان کو ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کیلئے پر راضی کرلیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) آسٹریلیا نے پاکستان کو ایڈیلیڈ میں نائٹ ٹیسٹ کھیلنے پرراضی کرلیا ،ٹورکے دوران اضافی تیسرا پانچ روزہ میچ کھیلنے کی تجویز پر اتفاق نہیں ہوسکا۔پاکستان نے رواں برس کے آخر میں شیڈول دورئہ آسٹریلیا کے دوران ایڈیلیڈ میں پنک گیند سے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔

اس حوالے سے دونوں بورڈز کے درمیان بات چیت جاری اور اس سلسلے میں تاخیر کی وجہ پاکستان کا ٹور نہ کرنے کے آسٹریلوی فیصلے سے متعلق پی سی بی کی ناراضی کو قرار دیا جا رہا تھا، یہ بھی رپورٹس تھیں کہ پی سی بی کینگروز سے اگلے ٹور میں پاکستان میں کھیلنے کی یقین دہانی چاہتا ہے جو2022 میں شیڈول ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے ایک آسٹریلوی اخبار سے بات چیت میں کہاکہ ہم جانتے ہیں کہ آنیوالے عرصے میں ہمیں مختلف ٹیموں سے بہت زیادہ باہمی کرکٹ کھیلنی ہے، ہمیں بدستور یہ ثبوت دینے کی ضرورت ہے کہ ہم اپنے ملک میں مقابلوں کے دوران بہترین سکیورٹی فراہم کرسکتے ہیں، سب چیزیں بہتر رہنے پر ہم آسٹریلیا کے پاکستان میں کھیلنے سے متعلق بات چیت 2022 کے آغاز میں کریں گے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا پاکستان کو نائٹ ٹیسٹ کیلئے کوئی رقم نہیں دے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے دورئہ آسٹریلیا کے دوران 2 ٹور میچز کھیلنے کا امکان ہے جس میں سے ایک پرتھ میں پہلے ٹیسٹ سے قبل منعقد ہوگا، پی سی بی کو امید ہے کہ پرتھ کے فرسٹ گریڈ کلبز سے اس بارے میں ڈیل ہوجائے گی۔