لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات دوسرے روز بھی جاری

جمعہ 19 اپریل 2019 21:59

لاڑکانہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) لاڑکانہ تعلیمی بورڈ کے زیر اہتمام گیارہویں اور بارہویں جماعت کے سالانہ امتحانات کے دوسرے روز بارہویں جماعت کے سندھی کا پرچہ لیا گیا جہاں معمول کے مطابق امیدوار امتحانی مراکز میں نقل کرتے ہوئے دکھائی دیئے جبکہ نقل کے متعلق میڈیا کی نشاندہی کے بعد انٹرمیڈیٹ امتحانات میں سختی برتتے ہوئے امیدواروں سے موبائل فون تو ضبط کئے گئے تاہم نقل بدستور جاری ہے، صحافیوں کو گیٹ پر روک کر سینٹر میں اطلاع کے ذریعے پہلے ساری نقل رکوا دی جاتی ہے اور وزٹ کے بعد دوبارہ شروع ہو جاتی ہے، انٹرمیڈیٹ امتحانات میں بورڈ اور ضلع انتظامیہ متحرک دکھائی دے رہی ہیں، شاگردوں سے تلاشی کے بعد موبائل فون ضبط کئے گئے ہیں تاہم سالہ سال سے جاری نقل کا خاتمہ تاحال ناممکن دکھائی دیتا ہے، شہر میں قائم گورنمنٹ پائلیٹ، میونسپل، دینی مدرسہ ہائیر سیکنڈری اسکول میں امیدوار بدستور نقل میں مصروف دکھائی دیے،جبکہ شاگردوں کا کہنا ہے کہ بار بار چیکنگ کے لئے آ کر انہیں امتحان کے دوران پریشان کیا جاتا ہے جس کے متعلق ضرور سوچا جائے، دوسری جانب نقل کرتے ہوئے متعدد امیدوار پکڑے جانے پر کاپی کیس بھی کئے گئے، علاوہ ازیں ضبط شدہ موبائل امتحانات مکمل ہونے پر امیدواروں کو نا دینے پر ڈگری کالج کے شاگردوں کی بڑی تعداد نے ایس پی چوک پر دھرنا دیا جس کے بعد پولیس افسران کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا گیا۔