صمصام بخاری نے لاہور پریس کلب میں مستحق صحافیوں میں امدادی چیک تقسیم کیے

صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری و دیگر عہدیداران نے صوبائی وزیر کو صحافیوں کو درپیش مسائل بارے آگاہ کیا

جمعہ 19 اپریل 2019 22:42

صمصام بخاری نے لاہور پریس کلب میں مستحق صحافیوں میں امدادی چیک تقسیم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت صمصام علی بخاری نے لاہور پریس کلب میں مستحق صحافیوں میں مالی امداد کے چیک تقسیم کیے۔ اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری و دیگر عہدیداران بھی موجود تھے ۔ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت میڈیا کے ساتھ تعاون اور صحافی برادری کے مسائل کے حل کو اپنا فر ض سمجھتی ہے ۔

صحافی ہمارے معاشرے کا ایسا اہم طبقہ ہیں جن کے بغیر مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کا ادراک نا ممکن ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جرنلسٹس سپورٹ فنڈ کی مد میں50صحافیوں کو امدادی چیک دیئے جا رہے ہیں جن کا آغاز آج سے کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری اور جنرل سیکرٹری ذوالفقار مہتو نے پریس کلب کے ممبر صحافیوں کو در پیش مشکلات اور مسائل کی تفصیل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ لاہور پریس کلب کی سالانہ گرانٹ دوسرے صوبائی دارالحکومتوں کے پریس کلبوں سے انتہائی کم ہے اس طرح صحافیوں کیلئے لاہور میں بنائی گئی صحافی کالونی میں بی بلاک کے متاثرہ صحافیو ں کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا ۔ صوبائی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ خود پریس کلب کے عہدیداران کے وفد سے وزیر اعلیٰ پنجاب سے ملاقات کا اہتمام کرائیں گے جس میں ان کے مسائل کے حل کیلئے جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے گا ۔

صوبائی وزیر نے اس موقع پر پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے سالانہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے پریس گیلری کے نو منتخب صدر میاں اسلم اور سیکرٹری فیضان بنگش کو بھی مبارکباد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ پریس گیلری کی نئی قیادت حکومت اور میڈیا کے درمیان بہتر تعاون اور خوشگوار تعلقات کیلئے اپنا کردارادا کرے گی ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب اسمبلی ملک کے سب سے بڑے آبادی والے صوبے کی نمائندہ اسمبلی ہے جسے موثر کردار کیلئے ہر قدم پر میڈیا کا تعاون درکا ہے ۔