حافظ آباد، گورنمنٹ لیٹریسی ایجوکیشن سنٹرز پنجاب بھر میں شرح خواندگی میں اضافہ میں ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ،سلمان اعجاز

لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو محکمہ تعلیم کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں،صوبائی سیکرٹری لیٹریسی ایجوکیشن پنجاب

جمعہ 19 اپریل 2019 22:53

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) صوبائی سیکرٹری لیٹریسی ایجوکیشن پنجاب سلمان اعجاز کا کہنا ہے کہ گورنمنٹ لیٹریسی ایجوکیشن سنٹرز پنجاب بھر میں شرح خواندگی میں اضافہ میں ایک اہم اور کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں ۔لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے ان سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کو محکمہ تعلیم کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کے لئے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں ۔

لیٹریسی سنٹرز کے اساتذہ اپنی قابلیت اور محنت کے تحت طلباء و طالبات کی اس انداز میںتربیت کریں کہ وہ بھی مستقبل میں ملک و قوم کے لئے سر مایہ ثابت ہوں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار حافظ آباد کے دورہ کے موقعہ پر محکمانہ افسران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سی ای او ایجوکیشن محمد ایوب قاضی،ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن سکینڈری عبدالوحید خاں،ڈسٹرکٹ آفیسر لیٹریسی ایجوکیشن بابر حبیب سمیت لیٹریسی موبلائزرز اور پی ایل سی کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری نے افسران کو ہدایت کی کہ سکولوں میں نئے بچوں کی داخلہ مہم کو مزید تیز کرتے ہوئے ڈور ٹو ڈور داخلہ مہم چلائی جائے تاکہ شہری علاقوں سمیت دور دراز کے دیہی علاقوں اور ڈیرہ جات کے رہائشی بچے بھی تعلیم حاصل کر سکیں ۔انہوں نے لیٹریسی موبلائزرز اور اساتذہ کو یقین دلایا کہ انکی ملازمت کی مستقلی کے لئے اعلیٰ سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور انشاء اللہ انکا یہ مسئلہ بھی حل کر لیا جائیگا۔

اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ آفیسر بابر حبیب نے صوبائی سیکرٹری کو بریفنگ میں بتایا کہ حافظ آباد میں لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام 350سکول کام کر رہے ہیں جن میں دس ہزار سے زائد طلباء و طالبات زیر تعلیم ہیں انہوں نے بتایا کہ حکومت کی داخلہ مہم کے سلسلہ میں اساتذہ گھر گھر جا کر اس مہم کے تحت بچوں کا داخلہ کر رہے ہیں ۔صوبائی سیکرٹری نے سکھیکی مرکز کے مختلف سکولوں کا بھی دورہ کیا اور وہاں پر درس و تدریس کے ساتھ ساتھ صفائی ستھرائی اور بہتر نظم و ضبط پر اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :