سرینگر حلقے کے عوام نے ڈھونگ انتخابات مسترد کردیئے

کشمیری عوام تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں ، میر واعظ کنٹرول لائن کے آر پار تجارت معطل کرنا قابل مذمت ہے بھارت دونوں اطراف مقیم منقسم خاندانوں کے درمیان رابطوںمیں رکاوٹ ڈال رہا ہے،اجتماع سے خطاب

جمعہ 19 اپریل 2019 22:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) مقبوضہ کشمیر میںحریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ کشمیری تنازعہ کشمیر کے پر امن کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے باعث انہیںانتہائی مصائب اور مشکلات کا سامنا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جمعہ کو جامع مسجد سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے آر پار تجارت معطل کرنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بنایا۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کنٹرول لائن کے دونوں اطراف مقیم منقسم خاندانوں کے درمیان رابطوںمیں رکاوٹ ڈال رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے اقدامات قلیل المدتی فائدے کیلئے کئے جارہے ہیں جس کی کشمیریوں کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔

(جاری ہے)

ادھر گزشتہ روز بھارتی پارلیمنٹ کے انتخابی حلقے سرینگر میں کشمیری عوام نے انتخابی ڈھونگ کو مسترد کر دیا۔

85فیصد سے زائد ووٹر زنے ووٹ نہیں ڈالے اور 90پولنگ بوتھوںپر ایک بھی ووٹ نہیں ڈالاگیا۔جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائمقام چیئرمین عبدالحمید بٹ نے ایک بیان میں نام نہاد انتخابات مسترد کرنے پر لوگوںکا خیرمقدم کیا ہے ۔حریت رہنماء جاوید احمد میر نے سرینگر کے علاقے ایچ ایم ٹی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے غیر قانونی طورپرنظربند حریت رہنمائوں محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔

جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کے چیئرمین شبیر احمد ڈار اور دیگر حریت رہنمائوں محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی،غلام نبی وسیم اورغلام نبی وار نے اپنے الگ الگ بیانات میں معروف شہید آزادی پسند رہنماء ایس حمید وانی کو انکے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ایس حمید وانی ایک مخلص اور نڈر رہنماء تھے جنہوںنے کم عمری سے ہی جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے انتھک کوششیں کیں۔

بھارتی پولیس نے ایس حمید وانی کو 18 اپریل 1998 کوسرینگر کے علاقے صورہ سے گرفتار کرنے کے بعددوران حراست قتل کردیاتھا۔جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پارٹی کارکنوں اور دیگر نوجوانوںکی گرفتاریوںکی مذمت کرتے ہوئے اسے قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قراردیا ہے ۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ سرینگر اور بڈگام سے درجنوں پارٹی کارکنوںاور سوسے زائد نوجوانوںکو گرفتار کر کے مختلف پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیاگیا ہے ۔

ضلع پلوامہ میں اونتی پورہ کے علاقے برسو میں بھارتی فوجیوں کے تشدد سے ایک سرکاری ملازم شدید زخمی ہو گیا۔ راولپنڈی میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ آزاد جموںوکشمیر شاخ کے ایک اجلاس کے بعد جاری ہونیوالے بیان میں کہاگیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں لبریشن فرنٹ پر پابندی عائد کئے جانے اوربھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے پارٹی چیئرمین محمد یاسین ملک کونئی دلی منتقل کرنے کیخلاف نیشنل پریس کلب اسلام آبادمیں دوروزہ بھوک ہڑتال کیمپ لگایا جائیگا۔