جاپان ، سب سے چھوٹی جسامت اور وزن والے نومولود کی پیدائش کے 7 ماہ کے کامیاب علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت

جمعہ 19 اپریل 2019 23:04

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) جاپان میں دنیا کے سب سے چھوٹی جسامت اور وزن والے ایک اور نومولود کی پیدائش ہوئی جسے تقریباً 7 ماہ کے کامیاب علاج کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ بچہ اکتوبر کے مہینے میں پیدا ہوا تھا جسے ڈاکٹروں نے دنیا کا سب سے چھوٹی جسمات والا بچہ قرار دیا تھا۔

ریئوسوکی سیکیہ نامی اس بچے کو ان کی والدہ توشیکو نے اپنی طبعیت خراب ہونے پر ایمرجنسی میں قبل از وقت جنم دیا جس کی پیدائش آپریشن کے ذریعے ہوئی۔ڈاکٹروں کے مطابق ریئوسوکی سیکیہ کا وزن محض 258 گرام تھا جس کا وزن اب تک دنیا میں پیدا ہونے والے سب سے کم وزن اور جسامت کے بچے سے بھی کم تھا اس سے قبل دنیا میں سب سے کم وزن رکھنے والا بچہ بھی جاپان میں ہی پیدا ہوا تھا جس کا وزن 268 گرام ریکارڈ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

یکم اکتوبر 2018 کو پیدا ہونے والے ریئوسوکی سیکیہ کا قد صرف 22 سینٹی میٹر تھا، جنہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا تھا۔قبل از پیدا ہونے والے اس نومولود کو ٹیوب کی مدد سے غذا دی گئی جبکہ اس کے لیے کبھی کبھی روئی کے ٹکڑوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ہسپتال میں علاج کے دوران بچے کا وزن تقریباً 13 گنا بڑھا جو اب 3 کلوگرام (3 ہزار گرام) سے بھی زیادہ ہو چکا ہے۔بچے کی والدہ نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب میرا بچہ پیدا ہوا تو وہ بہت چھوٹا تھا اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ چھونے سے زخمی ہوجائے گا، لہٰذا ہم بہت پریشان ہوگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اب ان کا بچہ دودھ پیتا ہے، وہ نہا سکتا ہے، تاہم اسے بڑھتا ہوا دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔