سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر ٹریفک حادثہ میں شدید زخمی

تیز رفتار گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی ،سروسز ہسپتال میں زندگی ، موت کی کشمکش میں مبتلا،اہلخانہ کی قوم سے صحت یابی کی دعا کیلئے اپیل

جمعہ 19 اپریل 2019 23:26

سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر ٹریفک حادثہ میں شدید زخمی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2019ء) سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئرٹریفک حادثہ میں شدید زخمی ہو گئے اور وہ اس وقت سروسز اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔14ٹیسٹ اور 4 ایک روزہ میچوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے محمد نذیر جونیئر اپنے بیٹے کے ہمراہ صبح کی سیر کے لئے پارک آ رہے تھے کہ سمن آباد موڑ کے قریب ایک تیز رفتار گاڑی نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری جس کی وجہ سے محمد نذیر جونیئر زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

سابق ٹیسٹ کرکٹر کو فوری طور پر سروسز اسپتال لایا گیاجہاں ان کا ہنگامی بینادوں پر علاج کیا گیا۔ محمد نذیر جونیئر اس وقت بھی اسپتال کے سرجیکل آئی سی سی وارڈ میں داخل ہیں۔سابق ٹیسٹ کرکٹر کے اہلخانہ نے قوم سے ان کی صحت یابی کی دعا کی اپیل کی ہے۔نذیر جونیئر انتخاب عالم اور ظہیر عباس کی کپتانی میں بھی کھیل چکے ہیں،انہوں نے اپنے مخصوص بیٹنگ اسٹائل اور رائٹ آرم آف بریک بولر کے طور پر خاصی شہرت پائی۔ نذیر جونیئر طویل عرصے تک امپائرنگ کے فرائض بھی انجام دیتے رہے۔