گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بینک آف چائنا کے سابق گورنر کی ملاقات

پاکستانی کرنسی کے استحکام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، معاشی سرگرمیوں سے قومی معیشت مزید مضبوط بنانے، غیر ملکی سرمایہ کاری سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

جمعہ 19 اپریل 2019 23:44

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بینک آف چائنا کے سابق گورنر کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے بینک آف چائنا کے سابق گورنر Zhou Xiochanنے وفد کے ہمراہ گورنر ہائوس میں ملاقات کی، ملاقات میں ڈائریکٹر کراچی اسکول آف بزنس لیڈرشپ (کے ایس بی ایل) منیر کمال بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاکستانی کرنسی کے استحکام کے لئے اٹھائے گئے اقدامات ، معاشی سرگرمیوں سے قومی معیشت مزید مضبوط بنانے، غیر ملکی سرمایہ کاری سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے حقیقی تاثر کو اجاگر کرنے سے ہی غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید تیزی لائی جا سکتی ہے ، پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے آئیڈیل صورتحال کا حامل ملک ہے جہاں مختلف معاشی سیکٹرز میں بہت گنجائش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے معاشی پالیسی کے باعث معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہور ہاہے با الخصوص نجی سیکٹر فعال کردار ادا کررہا ہے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آج بزنس ایڈمنسٹریشن کا شعبہ ماضی کے مقابلہ میں کئی گنا وسیع اور مفید ہوچکا ہے جس کی بنیادی وجہ عالمی سطح پر لائق و قابل بزنس گریجویٹس کی مانگ ہے جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان محنتی، ذہین اور فطری صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سائنس و ٹیکنالوجی، صنعتی ترقی ، تجارت و کاروباری سرگرمیوں کے باعث بزنس ایجوکیشن وسعت اختیار کرر ہی ہے جہاں ہر وقت کام کی بہت گنجائش رہتی ہے۔

بینک آف چائنا کے سابق گورنر Zhou Xiochanنے کہا کہ چائنا پاکستان کے استحکام اورترقی کے لئے بھرپور معاونت جاری رکھے گا جبکہ چائنا کے سرمایہ کار صوبہ کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر کے ایس بی ایل منیر کمال نے کراچی اسکول آف بزنس لیڈر شپ کی کارکردگی کے بارے میں گورنر سندھ کو آگاہی فراہم کی۔