Live Updates

ملک اس وقت بدترین معاشی بحران سے گزر رہاہے اور ایسے وقت میں کوئی چھوٹی غلطی بھی اقصادی طور پر نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے، انیس مجید

جمعہ 19 اپریل 2019 23:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2019ء) کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن(کے ڈبلیو جی ای)کے سرپرست اعلیٰ انیس مجیداور چیئرمین ملک ذوالفقار نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ماہر معاشیات ڈاکٹر حفیظ شیخ کو بطور مشیر خزانہ تقرری کا خیر مقدم کرتے ہوئے ملکی معاشی و اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے میں حکومت کا بھرپور ساتھ دینے کیے عزم کا اظہار کیا ہے۔

انیس مجیداور چیئرمین ملک ذوالفقار نے ایک بیان میں کہاکہ ملک اس وقت بدترین معاشی بحران سے گزر رہاہے اور ایسے وقت میں کوئی چھوٹی غلطی بھی اقصادی طور پر نقصان دہ ثابت ہوسکتی ہے لہٰذاملک کے بہتر ترین مفاد میں فیصلے کیے جائیں۔انہوں نے ڈاکٹر حفیظ شیخ کو مشیرخزانہ کی ذمہ داریاں سوپنے کو دانشمندانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہاکہ ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کے لیے مؤثر پالیسیاں وضع کرنا ہوں گی اور جادو کی چھڑی سے سب ایک ساتھ ٹھیک کرنے کی منتطق کے بجائے بتدیج اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانا ہوگا کیونکہ اگر سب کچھ ایک ساتھ ٹھیک کرنے کا تجربہ دوبارہ دہرایا گیا تو ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنا انتہائی دشوار ہوجائے گا بلکہ جو چیزیں درست ہیں وہ بھی برباد ہو جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ روپے کی بے قدری مسائل کا حل نہیں بلکہ ڈالر کی قدر پرقابو پانا چاہیے بصورت دیگر ملک کواس کا نقصان ہوتا ہے اور قرضوں کی رقم بھی بڑھ جاتی ہے کیونکہ ہماری برآمدات کا انحصار درآمدی اشیاء پر ہے اس لیے برآمدات بھی نہیں بڑھ رہیں۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو تجویز دی کہ اگر وہ واقعی ملک کو حالیہ بحرانوں سے نکالنا چاہتے ہیں تو تاجربرادری کو آن بورڈ لیتے ہوئے ان سے ضرور مشاورت کریںکیونکہ تاجربرادری اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے انتہائی مفید تجاویز دے سکتی ہے۔

انہوںنے موجودہ حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ٹیکسوں، ڈیوٹیز میں بے پناہ اضافے اور بے جا ریگولیٹری ڈیوٹیز کے نفاذ کے فیصلوں پر نظرثانی کی درخواست کرتے ہوئے کہاکہ کاروبار کو مشکل بنانے کے بجائے آسانیاں پیدا کی جائیں اور ایسا سازگار ماحول فراہم کیا جائے جہاں مقامی تاجروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کار کاروباری اورصنعتی یونٹس لگانے کو ترجیح دیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات