پنجاب کے بڑے صنعت کار ٹیکسٹائل کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن اور پیداواری استعداد کے فروغ کیلئے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے

برآمدی صنعت کیلئے توانائی کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی اقدامات سے برآمدات کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی چیئرمین آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) سید علی احسن

ہفتہ 20 اپریل 2019 10:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) پنجاب کے مختلف بڑے صنعت کار ٹیکسٹائل کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن اور پیداواری استعداد کے فروغ کیلئے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گے، برآمدی صنعت کیلئے توانائی کی قیمتوں میں کمی کے حکومتی اقدامات سے برآمدات کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما)کے چیئر مین سید علی احسن نے کہا ہے کہ پنجاب میں قائم کئی بڑے صنعتی گروپس نے ٹیکسٹائل کی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن اور پیداواری صلاحیتوں میں اضافے کیلئے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے جن میں سفائر، سورج ، کمال ، یو ایس اپیریل ، انٹرلوپ، فضل کلاتھ ملز، اعجاز گروپ ، محمود ٹیکسٹائل ، عائشہ گروپ ،کوہ نور ملز اور صداقت ٹیکسٹائلز سمیت دیگر صنعتی گروپ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت نے آئندہ پانچ سال کے دوران برآمدات کے 50ارب ڈالر کے ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے جس سے شعبہ میں بڑی تعداد میں مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کی جائیگی اور نئی سرمایہ کاری سے روزگار کے 15ملین نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت کی ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے فروغ سے قومی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی ۔

متعلقہ عنوان :