Live Updates

وزارت یا کسی بھی عہدے کے لیے ناراض نہیں ہوں

سابق وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے وضاحت کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 10:55

وزارت یا کسی بھی عہدے کے لیے ناراض نہیں ہوں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : دو روز قبل وفاقی کابینہ میں اُکھاڑ پچھاڑ کی گئی جس کے تحت کئی وزرا کے قلمدان تبدیل کر دئے گئے۔ 9 وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے، اسد عمر، فواد چوہدری، غلام سرور، شہریار آفریدی، عامر کیانی، طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر سے ان کے قلمدان واپس لے لیے گئے۔ سابق وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کی وزارت کا قلمدان تبدیل کیا گیا تو اطلاعات موصول ہوئیں کہ غلام سرور خان نے اس پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

یہی نہیں بلکہ انہوں نے وزارت پٹرولیم کے متبادل دی گئی وزارت ایوی ایشن کا چارج سنبھالنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔ کچھ تجزیہ کاروں نے بتایا کہ غلام سرور خان نے کابینہ اجلاس میں واضح کہا تھا کہ اگر میری وزارت میں کسی قسم کی تبدیلی کی گئی تو میں نہ صرف وزارت بلکہ قومی اسمبلی کی رکنیت سے بھی مستعفی ہو جاؤں گا تاہم اب غلام سرور خان نے اپنے حالیہ بیان میں ان تمام تر اطلاعات کی تردید کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما غلام سرور خان نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ عمران خان پاکستان کی بہتری کے لئے فیصلے کر رہے ہیں۔ وزیراعظم جہاں کھلائیں گے وہاں کھیلیں گے، میں وزرات یا کسی بھی عہدے کے لئے ناراض نہیں ہو سکتا۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے پوری محنت اور ایمان داری کے ساتھ وزارت پٹرولیم کو بحران سے نکالنے کی کوشش کی جب وزارتیں دی جا رہی تھیں تو عمران خان نے مجھے کہا کہ میں آپ کو ٹیم میں لینا چاہتا ہوں۔

میں نے وزیراعظم سے کہا میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں آپ کی ٹیم کا حصہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میری تحریک انصاف میں شمولیت کی وجہ کرپشن فری پارلیمنٹ اور کرپشن فری حکومت تھی۔ کرپشن فری حکومت لیڈر شپ کیونکہ مجھے عمران خان کی شکل میں نظر آئی۔ زندگی کا مقصد پارٹی کو لیکر ساتھ چلنا ہے۔ میں جہانگیر خان ترین کے ساتھ شامل ہوا تھا اس سے پہلے بھی میں نے ترین کے ساتھ کام کیا ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسد عمر کے ساتھ عزت و احترام کا رشتہ ہے، سابق وفاقی وزیر خزانہ کی الیکشن میں کامیابی میں اللہ کی ذات کے بعد میری محنت بھی شامل تھی، ان کے مستعفی ہونے کا مجھے دکھ ہوا۔ میں نے کچھ دن پہلے اسد عمر کو پیٹرولیم منسٹری کی آفر کی تھی۔ انہیں متبادل وزارت سےانکار نہیں کرنا چاہئیے تھا۔ غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے۔ ہم سب ایک ہیں اور سب کا لیڈر عمران خان ہے۔ ہم تحریک انصاف میں خوشحال پاکستان کے لئے شامل ہوئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات