سعودی حکومت نے پاکستانی ڈاکٹروں کی پوسٹ گریجویٹ ڈگری تسلیم کر لی

ڈگری کی حیثیت تسلیم کرنے سے پاکستانی ڈاکٹروں کی 11 سال پُرانی مشکل حل ہو گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 اپریل 2019 10:56

سعودی حکومت نے پاکستانی ڈاکٹروں کی پوسٹ گریجویٹ ڈگری تسلیم کر لی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل 2019ء) سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی ڈاکٹروں کی ایم ایس (ڈاکٹر آف سرجری) اور ایم ڈی (ڈاکٹر آف میڈیسن) کی ڈگریوں کی حیثیت تسلیم کر لی گئی ہے جس سے ان ہزاروں پاکستانی ڈاکٹروں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی جنہوں نے ایم ایس اور ایم ڈی کی تعلیم مکمل کی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سے 11سال کے بعد پاکستانی ڈاکٹروں کی ان پوسٹ گریجوایٹش ڈگری کی حیثیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے بعد اب پاکستانی ڈاکٹرز سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں میں پیشہ ورانہ خدمات سرانجام دے سکیں گے۔ اس حوالے سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اعجاز قدیر نے ایک مقامی اخبار کو بتایا کہ اس وقت تقریباً 2 سو طالب علم ہسپتال میں ایم ایس اور ایم ڈی کی تعلیم مکمل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان دونوں ڈگریوں کو پاکستان میں کلینیکل ڈگریاں مانا جاتا ہے لیکن سعودی عرب میں انہیں تحقیقی ڈگریاں مانا جاتا ہے۔

جس کے باعث ان ڈگریوں کے حامل ڈاکٹرز کو سعودی عرب میں پریکٹس کی اجازت نہیں تھی۔ اس کے برعکس پاکستان میں ان دونوں ڈگریوں کے حامل ڈاکٹرز ہسپتالوں میں ملازمت کرتے اور کلینیکل تجربہ حاصل کرتے ہیں۔ سعودی عرب کے اس فیصلے کے بعد پمز میں تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹرز بھی سعودی عرب اور دیگر خلیجی ملکوں میں ملازمت کر سکیں گے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ بیچلرز آف میڈیسن (ایم بی بی ایس) کے طالب علم ایم ایس اور ایم ڈی میں داخلہ لیتے ہیں جس کی تکمیل کے لیے 4 سال کا عرصہ درکار ہوتا ہے۔