خاشقجی قتل معاملے میں عرب امارات کے دو جاسوس تُرکی سے گرفتار

گرفتار کیے گئے دونوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 اپریل 2019 11:27

خاشقجی قتل معاملے میں عرب امارات کے دو جاسوس تُرکی سے گرفتار
استنبول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل 2019ء) تُرکی کے ممتاز اخبار ینی سیفاک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سرکاری سیکیورٹی ایجنسی اناطولو کی جانب استنبول میں دو اماراتی باشندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان دونوں افراد سے سعودی صحافی جمال خاشقجی قتل میں ملوث ہونے کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ اخبار کے مطابق ان دونوں افراد کو مبینہ طور پر متحدہ عرب امارات کے لیے جاسوسی کے الزام میں تفتیش کے دوران گرفتار کیا گیا ہے۔

تاہم ان دونوں افراد کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔ ان دونوں مبینہ جاسوسوں کو رواں ہفتے کے آغاز میں پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسی ایم آئی ٹی کے مشترکہ آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔ واضح رہے کہ جمال خاشقجی اپنے قتل سے ایک سال قبل امریکا میں مقیم تھے۔

(جاری ہے)

وہ نیویارک ٹائمز میں کالم لکھتے تھے جن میں اکثر سعودی قیادت کو بھی اُن کی پالیسیوں پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا۔

اکتوبر 2018ء کی دوران جمال خاشقجی سیر و تفریح کے سلسلے میں ترکی گئے۔ اور وہاں وہ کسی کام کے سلسلے میں سعودی قونصل خانے گئے تو وہاں موجود ایک درجن سے زائد سفارتی و سیکیورٹی اہلکاروں نے اُن پر بہیمانہ تشدد کر کے زندگی سے محروم کر دیا۔ سعودی عرب میں اس مقدمے میں نامزد 11 افراد کے خلاف ٹرائل شروع کیا گیا ہے۔ اس قتل معاملے میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر بھی اُنگلیاں اُٹھائی گئیں۔اس معاملے پر تُرکی اور سعودی عرب کے تعلقات میں تلخی بھی پیدا ہوئی ہے۔