Live Updates

پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر جو وزارت ختم کی اب اس کا وزیر تعینات کر دیا

عجیب بات ہے کہ وزارت نہیں ہے لیکن وزیر ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 12:10

پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر جو وزارت ختم کی اب اس کا وزیر تعینات کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : دو روز قبل وفاقی کابینہ میں اُکھاڑ پچھاڑ ہوئی جس کے نتیجے میں 9 وفاقی وزرا کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے جبکہ دیگر رہنماؤں اور اراکین اسمبلیوں کو نئی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ لیکن وفاقی کابینہ میں کی گئی اس رد و بدل میں ایک عجیب بات یہ تھی کہ شہریار آفریدی، جنہیں وزیر مملکت برائے داخلہ کے عہدے سے ہٹا کر وزیر سیفران تعینات کیا گیا، کو دراصل وہ وزارت دی گئی جو پاکستان تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد ختم کر دی تھی۔

یوں موجودہ حکومت میں وزارت سیفران تو نہیں ہے البتہ شہریار آفریدی کو وزیر سیفران تعینات کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے تجزیہ کار نے کہا کہ 11 ستمبر 2018ء کو وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا تھا کہ فاٹا کے انضمام کے بعد صوبائی حکومت ہی قبائلی علاقوں کے معاملات دیکھے گی۔

(جاری ہے)

حکومت نے فیصلہ کیا تھا کہ وزارت سیفران کو تحلیل کر دیا جائے گا یعنی وزارت سیفران کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اب شہریار آفریدی کو سیفران کا وزیر بنا دیا گیا ہے ، جس کا مطلب ہے کہ جو وزارت ختم کر دی گئی، شہریار آفریدی اُس کے وزیر ہوں گے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر اُکھاڑ پچھاڑ ہوئی جس کے تحت 9 وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے تھے۔ وزیراعظم نے 9 وفاقی وزراء سے یا تو ان کے قلمدان واپس لے لیے ، یا قلمدان تبدیل کیے گئے ۔ اسد عمر، فواد چوہدری، غلام سرور، شہریار آفریدی، عامر کیانی، طارق بشیر چیمہ سمیت دیگر سے ان کے قلمدان واپس لے لیے گئے ۔

جبکہ وزیراعظم عمران خان نے فواد چودھری سے اطلاعات، علی امین گنڈا پور سے کشمیر امور، غلام سرور خان سے پیٹرولیم، عامر محمود کیانی سے قومی صحت، طارق بشیر چیمہ سے ہاؤسنگ کی وزارت واپس لے لی ۔ عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ اور ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈویژن مقرر کیا گیا جبکہ ڈاکٹر اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ کا قلمدان سونپا گیا تھا۔

جمعرات کو وزیراعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری کو وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی، وفاقی وزیر پٹرولیم ڈویژن غلام سرور خان کو وفاقی وزیر برائے ہوا بازی، وفاقی وزیر پارلیمانی امور اعجاز احمد شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کو ریاستوں و سرحدی علاقہ جات یعنی سیفران کا قلمدان تفویض کیا گیا جبکہ محمد میاں سومرو جن کے پاس ہوا بازی ڈویژن کا اضافی قلمدان بھی تھا وہ وفاقی وزیر نجکاری کے طور پر فرائض انجام دیں گے۔

اعظم سواتی کو وفاقی وزیر پارلیمانی امور اور ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ جبکہ ڈاکٹر ظفر الله مرزا کو وزیراعظم کا معاون خصوصی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز و کوآرڈینیشن، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور ندیم بابر کو وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ڈویژن مقرر کیا گیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات