بھارت پاکستان سے دشمنی پر اتر آیا

بھارت نے لائن آف کنٹرول پر جموں کشمیر کے راستے پاکستان کے ساتھ تجارت پر پابندی لگا دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 20 اپریل 2019 12:22

بھارت پاکستان سے دشمنی پر اتر آیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : بھارت نے لائن آف کنٹرول پر جموں کشمیر کے راستے پاکستان کے ساتھ ہونے والی تجارتی سرگرمیاں معطل کرتے ہوئے کشمیریوں کے درمیان تجارت پر پابندی عائد کر دی ہے۔بھارتی صحافی ادیتہ راج کول نے ٹویٹ میں یہ انکشاف کیا ہے کہ نئی دہلی نے کشمیر کی روٹ پر پاکستان کے ساتھ تجارتی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں اور اس کی وجہ ان راستوں سے اسلحہ اور منشیات کی سمگلنگ کا خطرہ بتائی گئی ہے۔

بھارتی صحافی نے یہ بھی لکھا ہے کہ بھارت کو ان راستوں میں مزید سخت نگرانی کرنا ہوگی۔کشمیری بارامولا اور پونجھ میں موجود دو تجارتی مراکز سے تجارت کرتے ہیں۔پابندی سے کشمیری اشیاء کے بدلے اشیاء کے تبادلے کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں پاکستان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ بھارت کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس میں جموں وکشمیر کے تجارتی راستے پاکستان سے غیر قانونی اسلحہ منشیات اور کرنسی آ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

جب کہ) مقبوضہ کشمیر میںحریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہاہے کہ کشمیری تنازعہ کشمیر کے پر امن کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں جس کے باعث انہیںانتہائی مصائب اور مشکلات کا سامنا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے جمعہ کو جامع مسجد سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کنٹرول لائن کے آر پار تجارت معطل کرنے پر بھارتی حکومت کو شدید تنقید کانشانہ بنایا۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کنٹرول لائن کے دونوں اطراف مقیم منقسم خاندانوں کے درمیان رابطوںمیں رکاوٹ ڈال رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے اقدامات قلیل المدتی فائدے کیلئے کئے جارہے ہیں جس کی کشمیریوں کو بھاری قیمت ادا کرنی پڑے گی ۔ ادھر گزشتہ روز بھارتی پارلیمنٹ کے انتخابی حلقے سرینگر میں کشمیری عوام نے انتخابی ڈھونگ کو مسترد کر دیا۔

85فیصد سے زائد ووٹر زنے ووٹ نہیں ڈالے اور 90پولنگ بوتھوںپر ایک بھی ووٹ نہیں ڈالاگیا۔جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائمقام چیئرمین عبدالحمید بٹ نے ایک بیان میں نام نہاد انتخابات مسترد کرنے پر لوگوںکا خیرمقدم کیا ہے ۔حریت رہنماء جاوید احمد میر نے سرینگر کے علاقے ایچ ایم ٹی میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے غیر قانونی طورپرنظربند حریت رہنمائوں محمد یاسین ملک ، شبیر احمد شاہ اور آسیہ اندرابی کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔