سعودیہ میں ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ موبائل فون کا استعمال ہے

مملکت میں روزانہ اوسطاً 456 حادثات موبائل فون کی وجہ سے ہوتے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 اپریل 2019 12:38

سعودیہ میں ٹریفک حادثات کی ایک بڑی وجہ موبائل فون کا استعمال ہے
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اپریل 2019ء) سعودی ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سعودی ڈرائیورز کی جانب سے دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کا استعمال ٹریفک حادثات کی تعداد میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس 2018ء میں مملکت میں زیادہ تر حادثات دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے ہوئے۔

نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ مملکت میں روزانہ اوسطاً 456 ٹریفک حادثات موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے ہو رہے ہیں۔ اس نوعیت کے زیادہ تر حادثات ہائی ویز پر ہوتے ہیں، جہاں تیز رفتار سے گاڑی چلانے کے دوران موبائل فون کی وجہ سے سڑک سے نظر ہٹ جاتی ہے اور ہولناک حادثہ پیش آ جاتا ہے۔ پولیس کے مطابق شاہراہوں پر ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون پر واٹس ایپ یا ٹیکسٹ میسج کرنا بھی بہت خطرناک ثابت ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر کوئی بہت ایمرجنسی ہو تو ہینڈ فری کے ذریعے کالز کر لی جائے، تاہم اس کا استعمال بھی کم سے کم کیا جائے۔ ٹریفک پولیس اگر کسی ڈرائیور کو دورانِ ڈرائیونگ ہاتھ میں موبائل فون پکڑے دیکھ لے تو اُس کا فوری طور پر چالان کر دیا جاتا ہے۔ پولیس کی جانب سے ٹریفک حادثات میں کمی لانے کے لیے شاہراہوں پر اسمارٹ کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو مختلف نوعیت کی ٹریفک خلاف ورزیوں کو آٹومیٹک طریقے سے ریکارڈ کر کے انہیں سنٹرل کنٹرول روم میں بھیج دیتے ہیں، جہاں سے گاڑی کے مالک کو چالان جاری کر دیا جاتا ہے۔