شاہد خان آفریدی کی زندگی پر بھی کتاب لکھ دی گئی

اس کتاب میں اپنے بارے میں سچ بیان کرنے کی حتی الامکان کوشش کی ہے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 اپریل 2019 12:44

شاہد خان آفریدی کی زندگی پر بھی کتاب لکھ دی گئی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20اپریل2019ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی آپ بیتی’ ’گیم چینجر“ 30 اپریل کو پاکستان میں شائع کی جائے گی، آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کتاب میں اپنے بارے میں سچ بیان کرنے کی حتی الامکان کوشش کی ہے۔ شاہد آفریدی کی جانب سے اپنی کتاب کا سرورق سوشل میڈیا پر شیئر کیا گیا ہے۔ گیم چینجر نامی شاہد آفریدی کی آپ بیتی معروف اینکر پرسن وجاہت سعید خان نے لکھی ہے۔

شاہد آفریدی نے بتایا کہ ان کی آپ بیتی پر گزشتہ 2 برس سے کام جاری تھا اور اب یہ کتابی صورت میں پہلے انڈیا اور پھر پاکستان میں شائع کی جائے گی۔ گیم چینجر کی انڈیا میں 25 اور پاکستان میں 30 اپریل کو رونمائی کی جائے گی۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ انہوں نے عظیم کھیل میں اپنی زندگی کے بارے میں حتی الامکان سچ بولنے کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

کتاب کے مصنف وجاہت سعید خان کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کے ساتھ بیٹھنا اور ان کا انٹرویو کرنا بہت ہی مشکل کام ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی شاہد آفریدی کے ساتھ خیبر جاتے ہوئے ہیلی کاپٹر میں ملاقات ہوئی اور وہیں اس کتاب کو لکھنے کا منصوبہ بنا۔ وجاہت سعید خان نے سابق ڈی جی آئی ایس پی آر اور موجودہ کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے دونوں کی ملاقات کرائی تھی۔