چوہدری نثار کا جلد ہی صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے حلف اٹھانے کا امکان

چوہدری نثار اور شہباز شریف کے مابین لندن میں ملاقات متوقع، چوہدری نثار کا 24 اپریل کے بعد حلف اٹھانے کا امکان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 20 اپریل 2019 12:58

چوہدری نثار کا جلد ہی صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے حلف اٹھانے کا امکان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : سینئیر سیاست دان چوہدری نثار نے سیاست میں پھر سے متحرک ہونے کا فیصلہ کر لیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چوہدری نثار اور شہباز شریف کی لندن میں ملاقات متوقع ہے۔ن لیگ میں مزاحمتی سیاست کا بیانیہ رد ہونے پر چوہدری نثار نے پھر سے ن لیگ سے رابطوں کا فیصلہ کیا۔چوہدری نثار انتخابات میں راولپنڈی کی صوبائی نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔

چوہدری نثار شہباز شریف سے ملاقات کے بعد حلف اٹھائیں گے۔جب کہ چوہدری نثار کا 24 اپریل کے بعد صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے حلف اٹھانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ چوہدری نثار چونکہ نواز شریف کے بیانیے سے اختلاف کرتے تھے لیکن اب پارٹی میں شہباز شریف کا بیانیہ مقبول ہورہا ہے اس وجہ سے انہوں نے پھر سے ن لیگ کے ساتھ رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار کا بیانیہ شہبازشریف کی طرح مفاہمتی بیانیے پر مبنی ہے۔چودھری نثار کے نواز شریف سے اختلافات بھی ان کے مزاحمتی بیانیے کی وجہ سے ہوئے تھے۔واضح رہے کہ چودھری نثار علی خان نے پارٹی قیادت سے اختلافات کی وجہ سے آزاد حیثیت میں عام انتخابات 2018ء میں حصہ لیا تھا۔ عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ ن کے رہنما چودھری نثار علی خان نے پارٹی قیادت کے خلاف علم بغاوت بلند کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔

چودھری نثار علی خان نے عام انتخابات 2018ء میں چار نشستوں سےحصہ لیا جس میں دو نشستیں قومی اسمبلی جبکہ دو صوبائی اسمبلی کی تھیں۔ چودھری نثار علی خان کو قومی اسمبلی کی دو نشستوں این اے 59 اور این اے 63 سے اور صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 12 سے شکست کا سامنا ہوا، جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 10 سے چودھری نثار علی خان کامیاب قرار پائے لیکن چودھری نثار علی خان نے پنجاب اسمبلی میں حلف نہیں اُٹھایا اور نہ ہی اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر اور وزیراعلیٰ کے انتخاب میں حصہ لیا تھا۔