دُبئی: بیٹے کے بیگ میں منشیات ڈال کر اسمگل کرنے والا شخص گرفتار

15 سالہ بچے کے بیگ سے تلاشی کے دوران منشیات برآمد ہوئی تھیں

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 20 اپریل 2019 13:31

دُبئی: بیٹے کے بیگ میں منشیات ڈال کر اسمگل کرنے والا شخص گرفتار
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 اپریل 2019ء) دُنیا میں بہت سے منشیات فروش ہیں جو اسمگلنگ کے لیے نِت نئے طریقے اپناتے ہیں، جن کے سامنے آنے کے بعد دُنیا حیرانی میں ڈُوب جاتی ہے۔ منشیات کے زیادہ تر اسمگلر خود تو اس گھناؤنے کام میں ملوث ہوتے ہیں مگر اپنے قریبی عزیزوں اور گھر والوں کو اس ذلیل دھندے میں دھکیلنا مناسب خیال نہیں کرتے۔ مگر دُبئی میں ایک ایسا غیر مُلکی شخص پکڑا گیا ہے جس نے منشیات کی متحدہ عرب امارات میں منتقلی کے لیے کم سن بیٹے کا استعمال کیا۔

خود بیٹا بھی نہیں جانتا تھا کہ اُس کا باپ کس گھناؤنے دھندے میں ملوث ہے۔ حقیقت جان لینے پر اُس پر حیرانی کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ یہ منشیات فروش ایک عرب مُلک سے دُبئی آیا۔ اس کے پاس منشیات کی بھاری مقدار تھی جسے پکڑے جانے سے بچانے کی خاطر اُس نے اپنے ساتھ سفر کرنے والے بیٹے کے بیگ میں ڈال دیا، تاکہ کسٹم حکام کو اُس کی عمر دیکھتے ہوئے اس پر شک نہ گزرے اور منشیات باآسانی ایئر پورٹ سے باہر لے جائی جا سکے۔

(جاری ہے)

تاہم ملزم کی یہ کوشش ناکام نہ ہو سکی۔ ایئر پورٹ پر نصب سکینرز میں بچے کے بیگ میں ممنوعہ سامان کی نشاندہی ہوئی۔ جب بچے کا بیگ چیک کیا گیا تو اس میں سے ممنوعہ ٹراما ڈول کی 425 گولیاں برآمد ہوئیں۔اس کے علاوہ بھنگ کے بیج بھی برآمد ہوئے۔ یہ تمام ممنوعہ اشیاء پلاسٹک کے 6 پیکٹس میں سامان کے اندر چھُپا کر رکھی گئی تھیں۔ جب بچے نے اپنے بیگ میں موجود منشیات کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا تو کسٹم حکام نے بچے کے والد سے پُوچھ گچھ کی تو بالآخر اُس نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا۔ ملزم کے خلاف منشیات کی اسمگلنگ اور اس کی بھاری مقدار اپنے پاس رکھنے کے الزام میں مقدمہ چلایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :