محکمہ زراعت کا حکومتی ہدایات کی روشنی میں منتخب کاشتکاروں میں کپاس کی کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام کے بیج کی مفت فراہمی کا آغاز

ہفتہ 20 اپریل 2019 14:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) محکمہ زراعت نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں منتخب کاشتکاروں میں کپاس کی کاشت کیلئے منظور شدہ اقسام کے بیج کی مفت فراہمی کا آغاز کر دیا ہے اور کہا ہے کہ حکومت پنجاب کپاس کے کاشتکاروں کیلئے ہر ممکن اقدامات عمل میں لا رہی ہے جبکہ کپاس کی فصل سے گلابی سنڈی کے خاتمہ کیلئے پی بی روپس یھی مہیا کئے جا رہے ہیں۔

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایا کہ صوبہ کے مختلف شہروں کے منتخب کاشتکاروں کو کپاس کی زیادہ پیداوار حاصل کرنے کیلئے سپرے مشینیں بھی مہیا کی جا رہی ہیں اور گزشتہ سال کی طرح کاشتکاروں کو کپاس کی پیداوار کی بہتر قیمت دلوانے کیلئے بھی اقدامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوںنے بتایاکہ بلاسود قرضوں کی فراہمی، کھادوں پر اربوں روپے کی سبسڈی اور زرعی ادویات پر سیلز ٹیکس کے خاتمے کا مقصد زرعی پیداوار میں اضافہ اور کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کرنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کی طرف سے کپاس کے کاشتکاروں کو کپاس کی پیداواری ٹیکنالوجی سے آگاہی کیلئے تربیتی پروگراموں کے علاوہ ذرائع ابلاغ کو بھی استعمال کیا جا رہا ہے نیز یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کے کاشتکاروں کی اکثریت جدید سفارشات کے حصول کیلئے کوشاں رہتی ہے اور ایسے ترقی پسند کاشتکاروں کو دوسرے کسانوں کو بھی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ کاشتکاروں کو چاہئے کہ کپاس کی بوائی کیلئے منظور شدہ اقسام کا تصدیق شدہ بیج استعمال کریں اور کپاس کی اقسام کا انتخاب علاقے کی موزونیت ، مقامی معلومات اور پچھلے سال کے تجربات کی روشنی میں کیا جائے ۔