Live Updates

وہ وزیر جسے وزیراعظم نے کرپشن کی بنیاد پر نکالا

سابق وزیر صحت عامر کیانی پر کروڑوں روپے رشوت لے کر چیئرمین ڈریپ لگانے کا الزام،عامر کیانی نے وزارت میں اقربا پروری کے بھی ریکارڈ بنائے اور اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو خوب نوازا،وزیراعظم نے ثبوت ہونے کے باوجود صرف عہدے سے ہٹایا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 20 اپریل 2019 14:28

وہ وزیر جسے وزیراعظم نے کرپشن کی بنیاد پر نکالا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - 20 اپریل2019ء) معروف صحافی کاشف عباسی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کے معاملے میں بالکل واضح طور پر کہتے ہیں کہ میری ٹیم میں کرپٹ وزیر کی گنجائش نہیں۔لیکن اگر ان کی ٹیم میں کوئی وزیر کرپشن میں ملوث پایا گیا تو اس کو صرف عہدے سے ہٹا دینا کافی نہیں۔جب وزیراعظم عمران خان کے پاس یہ ثبوت موجود ہے کہ ان کے وزیر نے اچھے خاصے پیسے پکڑے ہیں۔

لیکن اس کے بعد بھی ان کو صرف وزارت سے ہٹا دینا کافی نہیں۔جب کہ سینئر صحافی حامد میر کا کہنا تھا کہ عمران خان کو چاہیے کہ جس وزیر کو کرپشن کی بنیاد پر نکالا ہے ان کے خلاف نیب یا پھر ایف آئی اے کو انکوائری کروانے کی ہدایت کریں۔جب سرکاری افسران اور اپوزیشن نمائندوں کے خلاف کاروائیاں کی جارہی ہیں تو جب وزیراعظم عمران خان نے خود اپنی کابینہ سے ایک منسٹر کو کرپشن کی وجہ سے نکالا ہے تو ان کے بارے میں انکوائری کیوں نہیں کی جا رہی۔

(جاری ہے)

واضح رہے دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑی ردوبدل کی۔وزیراعظم عمران خان نے عامر کیانی کو بھی وزارت سے ہٹا دیا میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ عامر کیانی پر مبینہ کرپشن کے الزامات بھی ہیں۔عامر کیانی پر کروڑوں روپے رشوت لے کر چیئرمین ڈریپ لگانے کا الزام تھا۔ذرائع کے مطابق عامر محمود کیانی کی کرپشن کی فائل وزیراعظم کو بھجوائی گئی عامر کیانی نے وزارت میں اقربا پروری کے بھی ریکارڈ بنائے۔

اور اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو خوب نوازا۔عامر کیانی کسی ایک اسپتال کی بھی حالت بہتر نہ کر سکے۔دواوں کی قیمتوں میں اضافہ بھی سابق وزیر صحت عامر کیانی کو لے ڈوبا۔عامر کیانی نے وفاقی کابینہ کو بریفنگ دیں گے دواؤں کی قیمت میں صرف 15 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے جب کہ عملی طور پر 889 ادویات کی قیمتوں میں 50 سے 150 فیصد تک اضافہ کیا گیا۔وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں صحت کی سہولیات بھی فراہم نہیں کی جاسکیں۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق عامر کیانی گذشتہ آٹھ ماہ کے عرصے میں صحت کے شعبے میں کوئی خاطر خواہ تبدیلی نہ لا سکے۔وفاقی دارالحکومت کے اسپتالوں میں ادویات کی عدم فراہمی مریضوں کا رش کم کرنے اور ان کو بہتر طبی سہولیات فراہم نہ کیے جانے کے باعث عامر کیانی کو عہدے سے برخاست کیا گیا۔وزیراعظم کی جانب سے ان کو باقاعدہ طور پر عہدے سے فارغ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات