Live Updates

حکومت پانچ سال پورے کرے گی ،

ریلوے کے نئے منصوبوں سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو روزگار ملے گا شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں، وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد کی ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس

ہفتہ 20 اپریل 2019 14:38

حکومت پانچ سال پورے کرے گی ،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ شہباز شریف وکٹ کے دونوں جانب کھیل رہے ہیں،اس خاندانکا سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، وزیر ا عظم عمران خان پانچ سال پورے کریں گے، مہنگائی، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سابق حکمرانوں کی وجہ سے ہے، پہلے ہی کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے بغیر کوئی چارہ نہیں،نئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ بہت محنتی اور قابل شخصیت ہیں۔

وہ گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میںپریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر کے پاس جا کر درخواست کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں، سابق وزیر خزانہ خود مستعفی ہوئے، حکومت 5 سال پورے کرے گی۔شیخ رشید ا حمد نے کہا کہ سازش کے تحت پیسہ سڑکوں اور پلوں پر لگایا گیا، ملک سرحدوں پر نہیں معیشت پر حملوں سے ٹوٹتے ہیں، روس کے ٹوٹنے کی بنیادی وجہ معیشت کی تباہی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسد عمر نے بہت محنت کی مگر کپتان کا فیصلہ بہرحال درست ہے، عمران خان جب حکومت میں آئے تو خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ ریلویز میں کیے گئے اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، وزیراعظم کی موجودگی میں جلد ایم ایل ون پر دستخط ہوں گے، ریلوے کے نئے منصوبوں سے ڈیڑھ لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔

انھوں نے کہا کہ ایم ایل ون میں ٹرین کی سپیڈ کم سے کم 160 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوگی، ایم ایل ون کے بعد کراچی اور لاہور کے درمیان سفر 8 گھنٹے کا رہ جائے گا۔ وفا قی وزیر نے کہاکہ یہ فیصلہ وزیر اعظم نے کرنا ہے کہ کس کو کہاں کھڑا کرنا ہے۔شیخ رشید نے ملک میں پارلیمانی نظام قائم رکھنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک میں پارلیمانی نظام ہے،آئین بہت مشکل سے بنا ہے اسی کو آگے لے کر چلنا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات