Live Updates

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ وزارت کے تمام معاملات اسد عمر کی طرح چلانے کے خواہشمند

وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں روڈ میپ سے بھی آگاہ کریں گے۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 14:50

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ وزارت کے تمام معاملات اسد عمر کی طرح چلانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ وزارت کے امور اسد عمر کی طرح ہی چلانے کے خواہشمند ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ نے وزارتِ خزانہ کے حکام کے ساتھ ملاقات کی جس کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری حکام کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ، ملکی آمدن اور اخراجات پر کام کرنے سے متعلق بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکام کو وسط مدتی حکمتِ عملی کا مسودہ تیار کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے جسے رواں ماہ کے اختتام پر کابینہ کو ارسال کیا جائے گا۔ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کے ساتھ حکومت کے مذاکرات سے متعلق بات چیت آگے بڑھائی جائے گی کیونکہ دونوں فریق انہیں آگے لے جانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اس معاملے کو آگے بڑھانے کے لیے پُر عزم ہے۔

ہماری کوشش ہے کہ جلد آئی ایم ایف کا وفد پاکستان آئے جبکہ میں پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ سے بھی رابطہ کروں گا۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق انہوں نے بتایا کہ یہ بجٹ 24 مئی کو ہی پیش کیا جاسکتا ہے۔ وزارتِ خزانہ کے امور سنبھالنے کے بعد مشیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ وہ تمام چیزوں کو اسی طرح لے کر چلنے کی کوشش کریں گے جیسی پہلے چل رہی تھیں۔

خیال رہے کہ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ آج وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے جس میں وہ وزیراعظم عمران خان کو روڈ میپ سے آگاہ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق مشیر خزانہ داکٹر عبد الحفیظ وزیراعظم عمران خان سے آئی ایم ایف کے پیکج پر گائیڈ لائن بھی لیں گے۔ یاد رہے کہاسد عمر نے 18 اپریل کو بطور وزیر خزانہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے ماہر معیشت، ٹیکنو کریٹ اور سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ مقرر کیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات