ہراساں کرنے پرکانگریس چھوڑنے والی پریانکا کی شیو سینا میں شمولیت

پریانکا چتر ویدی نے ایک روز قبل ہی کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو اپنا استعفیٰ بھجوایا تھا، بھارتی ٹی وی

ہفتہ 20 اپریل 2019 16:12

ہراساں کرنے پرکانگریس چھوڑنے والی پریانکا کی شیو سینا میں شمولیت
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2019ء) بھارت کی سیکیولر تصور کی جانے والی سیاسی جماعت انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) کی سابق ترجمان پریانکا چترویدی نے ہندو انتہا پسند جماعت شیو سینا میں شمولیت اختیار کرلی۔یہ خبریں پہلے ہی تھیں کہ وہ کانگریس چھوڑنے کے بعد شیو سینا میں شمولیت کرنے جا رہی ہیں۔بھارتی ٹی وی کے مطابق پریانکا چتر ویدی نے گزشتہ روز ہی کانگریس کے صدر راہول گاندھی کو اپنا استعفیٰ بھجوایا تھا، ساتھ ہی انہوں نے استعفیٰ کی کاپی ٹوئٹر پر بھی شیئر کی تھی۔

(جاری ہے)

پریانکا چترویدی گزشتہ 10 سال سے کانگریس کے ساتھ منسلک تھیں اور وہ پارٹی کے مؤقف کو میڈیا سمیت سوشل میڈیا پر انتہائی احسن انداز سے پیش کرتی تھیں۔حالیہ لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران بھی پریانکا چترویدی متحرک دکھائی دیں اور انہوں نے بھارت کی کئی ریاستوں میں جاکر کانگریس کی تشہیر کی۔تاہم گزشتہ چند دن سے پریانکا چترویدی پارٹی کی اعلیٰ انتطامیہ سے ناراض دکھائی دے رہی تھیں۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چند دن قبل پریانکا چترویدی ریاست اترپردیش میں انتخابی مہم کے سلسلے میں پہنچی تھیں، جہاں مبینہ طور پر پارٹی کے چند کارکنان نے ان بدتمیزی کی تھی۔