Live Updates

گورنر خیبر پختونخوا کی قبائلی اضلاع کے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات

قبائلی اضلاع میں امن وامان کی صورتحال، انتظامی امور اورترقیاتی اقدامات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 20 اپریل 2019 16:17

گورنر خیبر پختونخوا کی قبائلی اضلاع کے اراکین قومی اسمبلی سے ملاقات
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2019ء) گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان سے قبائلی اضلاع کے اراکین قومی اسمبلی نے گورنرہاؤس پشاور میں ملاقات کی، اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا محمودخان بھی موجود تھے۔ ملاقات میں قبائلی اضلاع میں امن وامان کی صورتحال، انتظامی امور اورترقیاتی اقدامات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔

اس موقع پر گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان کا کہنا تھا کہ قبائلی اضلاع کے اراکین قومی اسمبلی اور قبائلی مشران قبائلی عوام کے حقیقی نمائندے ہیں جن کی رائے اور مشاورت تمام فیصلوںمیں یقینی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ قبائلی روایات ، قبائلی مشران اورقبائلی عوام کے نمائندوں کا احترام اورعزت ووقار حکومت کیلئے مقدم ہے۔

(جاری ہے)

قبائلی علاقے بہت جلدملک کے ترقی یافتہ علاقوں کی صف میں کھڑے ہوں گے کیونکہ فاٹا انضمام کا مقصد ہی مذکورہ علاقوں کوترقی یافتہ اورخوشحال بناناہے، سابقہ فاٹا سے متعلق تمام فیصلے قبائلی عوام کی روایات کے مطابق کئے جارہے ہیں جس میں قبائلی مشران اورعوامی نمائندوں کی مشاورت شامل ہے۔

گورنرخیبرپختونخوا کا کہناتھاکہ پوری قوم قبائلی عوام کے ملک وقوم کی خاطرقربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ملاقات میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی ضلع خیبر اقبال آفریدی، گل ظفرخان اورگل دادخان ضلع باجوڑ، جواد حسین ضلع اورکزئی بھی شامل تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات