Live Updates

اسدعمر کے بغیر کابینہ نامکمل ہوگی، زلفی بخاری

اسد عمر تحریک انصاف اور عمران خان کا چہرہ ہیں، وزیراعظم نے اسد عمر کو متبادل وزارت کی آفر بھی کی تھی۔ نتھیا گلی میں میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اپریل 2019 16:47

اسدعمر کے بغیر کابینہ نامکمل ہوگی، زلفی بخاری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل 2019ء) وزیراعظم کے مشیر سیاحت زلفی بخاری نے کہا ہے کہ اسدعمر کے بغیر کابینہ نامکمل ہوگی، اسد عمر تحریک انصاف اور عمران خان کا چہرہ ہیں، وزیراعظم نے اسد عمر کو متبادل وزارت کی آفر بھی کی تھی۔ انہوں نے نتھیا گلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کل جلسے میں وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخواہ کو واضح پیغام دیا کہ اپنی ٹیم پر نظر رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جب چاہیں اپنی ٹیم تبدیل کرسکتے ہیں۔ اسد عمر تحریک انصاف اور عمران خان کا چہرہ ہیں۔ زلفی بخاری نے کہا کہ وزیراعظم نے اسد عمر کو وزارت پٹرولیم کی بھی آفر کی تھی۔اسد عمر کے بغیر کابینہ نامکمل ہوگی۔ واضح رہے سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے وزارت چھوڑنے کے بعد سیاست سے دور اپنی فیملی کو وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے وزارت خزانہ کے بعد سیاست کو بھی خیرباد کہنے کیلئے قریبی دوستوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ اسد عمر پارٹی کی اندرونی سیاست سے دلبرداشتہ ہیں۔سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے قریبی دوستوں کو کہا کہ چاہتا اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دوں، میری فیملی بھی سیاست سے نالاں ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ وقت کراچی میں گزاروں گا۔ لیکن اسد عمر کے دوستوں نے انہیں اسمبلی کی رکنیت نہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ میں ان بہت سارے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو گزشتہ 2 روز سے میری حمایت کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہورنے والے اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے سپورٹرز کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لوگوں کی بھرپور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں بے مثال، پر جوش اور نظریاتی لوگ ہی اس تحریک کے محافظ ہیں ، آپ سب کا جذبہ ہی عمران خان اور ان کی ٹیم میں توانائی پیدا کرتا ہے۔ قبل ازیں انہوں نے کہا کہ جتنا ضروری سمجھا صرف اتنا ہی اسلام آباد آؤں گا۔ باقی وقت کراچی میں رہوں گا، وزارت چھوڑنے پر پریشانی نہیں پرسکون ہوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات